Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید کے بعد کراچی، حیدرآباد میں کورونا کیسز میں اضافہ

پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح کم ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے بعد سندھ بالخصوص کراچی میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب پابندیاں مزید دو ہفتے تک برقرار رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کہ گذشتہ ہفتے ایک لاکھ 34 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے جس میں کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 13.60 فیصد جبکہ حیدر آباد کی 10 اعشاریہ 76 فیصد رہی۔ پورے صوبے کے مثبت کیسز کی شرح 8.37 فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’رمضان سے قبل 31 مارچ کو ہماری مثبت کیسز کی شرح پورے ملک میں سب سے کم تھی۔ آپ اسے ہماری کوتاہی سمجھ لیں یا جو بھی سمجھ لیں لیکن جو اسی ٹاسک فورس نے اقدامات تجویز کیے تھے کہ آپ بین الاصوبائی ٹرانسپورٹ بند کریں، آپ دو ہفتے کا تھوڑا سخت لاک ڈاؤن لگائیں، تاکہ ان کیسز کا پھیلاو ایک جگہ سے دوسری جگہ نہ ہو۔‘
’وہ چیز نہیں مانی گئی اور کیسز کی تعداد ہمارے ہاں کیسز کی شرح چار، پانچ فیصد سے بڑھ کر پورے صوبے میں8.37 فیصد ہو گئی ہے۔‘
انہوں نے این سی او سی کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے کہا کہ ’این سی او سی نے ایک فیصلہ کیا ہے کہ 24 مئی سے کچھ چیزیں کھل جائیں گی اور یکم جون سے کچھ اور چیزیں کھل جائیں گی۔ ہمیں ٹاسک فورس میں تمام ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ یہ وقت احتیاط کا ہے اور آپ ایسا کوئی اشارہ نہ دے کہ ہم اس تاریخ سے یہ چیز کھول رہے ہیں یا اُس تاریخ سے یہ کھول رہے ہیں۔‘
’اس وقت جو صورتحال ہے اس میں آسانی کی گنجائش نہیں ہے۔‘
مراد علی شاہ نے کراچی کے ہسپتالوں کے حوالے سے کہا کہ ’اس وقت بھی کچھ ہسپتالوں میں گذشتہ سال جیسی صورتحال ہو گئی ہے۔ آغا خان اور انڈس ہسپتال میں بستر نہیں مل رہے ہیں۔ ہمارے انفیکشن ڈیزیز ہسپتال بھی بھر چکے ہیں۔ ہم نے ایکسپو سینٹر بند کر دیا تھا اسے دوبارہ کھولا ہے۔‘
’یہ تشویش کی چیز ہے۔ اس پر ہم نے آنکھیں نہیں بند کرنی۔‘
مراد علی شاہ نے پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ سب کا متفقہ فیصلہ تھا کہ ہم نے تھوڑی سی سختی اور کرنی ہے۔ نرمی کی گنجائش نہیں ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کب نرمی آئے گی۔ اس سب کا انحصار لوگوں ہر ہے کہ وہ کتنے اچھے طریقے سے ایس او پیز پر عمل کرتے ہیں۔ تاکہ کچھ کھلنے کی بات کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ لیکن اس وقت جو صورتحال ہے ہم اس میں کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتے۔ لیکن اس چیز کی ذمہ داری یہاں بیٹھے ہم تمام لوگ لیتے ہیں کہ اگر لوگوں نے ایس او پیز پر عمل کیا تو بہت جلد ہم بہتری کی جانب جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ’تمام سکول کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے مزید دو ہفتوں تک بند رہیں گے جبکہ سندھ میں انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ بند رہے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے پہلے کہا تھا کہ دکانیں آٹھ بجے تک کھلی رہیں گی لیکن اب ہم نے فیصلہ واپس لے لیا ہے اور صرف چھ بجے تک اجازت ہوگی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن آج جاری ہو جائے گا۔‘
دوسری جانب پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح کم ہوئی ہے۔
پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی وجہ سے پنجاب میں کیسز میں کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ پنجاب کے لیے الگ ویکسین کی پروکیورمنٹ کی جائے گی۔

شیئر: