Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین نے پاکستان سمیت 5 ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگادی 

بحرین نے اتوار کو ایک ’ریڈ لسٹ‘ جاری کی ہے جس میں ان پانچ ممالک کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ (فوٹو: گلف نیوز)
بحرین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان اور انڈیا سمیت پانچ ممالک کے شہریوں کے منامہ میں داخلے پر پابندی لگائی ہے۔ 
بحرین نے اتوار کو ایک ’ریڈ لسٹ‘ جاری کی ہے جس میں ممنوعہ پانچ ممالک کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔
بحرینی خبررساں ادارے کے مطابق’ انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال کے شہریوں کا بحرین میں داخلہ ممنوعہ قرار دیا گیا ہے ۔پابندی پر عملدرآمد پیر 24 مئی سے شروع ہوگا‘۔ 
بحرینی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ’ محکمہ شہری ہوابازی نے کورونا وائرس سے نمٹنے پر مامور قومی میڈیکل ٹیم کی سفارش پر پانچ ملکوں سے آنے والے باشندوں کے داخلے پر پابندی لگائی ہے۔
بیان کے مطابق’ پیر 24 مئی سے ان ملکوں کے باشندے بحرین آسکیں گے اور نہ  ان کے یہاں سے آنے والے دیگر ممالک کے باشندوں کو بحرین میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم  یہ پابندی عارضی ہے‘۔

 پابندی سے بحرینی شہری اور موثر اقامہ ہولڈرز مستثنی ہوں گے۔(فوٹو ٹوئٹر)

 بحرین کے حکام نے بتایا کہ’ اس پابندی سے بحرینی شہری اور موثر اقامہ ہولڈرز مستثنی ہوں گے۔ انہیں بحرین پہنچنے پر دس روز تک ہاؤس آئسولیشن یا حکومت کی طرف سے مقرر ہوٹل قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے‘۔
حکومت بحرین کا کہنا ہے کہ ’بحرینی شہریوں اور موثر اقامہ ہولڈرز کو طیارے پر سوار ہونے سے قبل منظور شدہ پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ بحرین پہنچنے پر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور آمد کے دس روز بعد بھی ٹیسٹ کرانا ہوگا‘۔

شیئر: