Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد آفریدی اور نسیم شاہ پی ایس ایل 6 سے باہر

شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں مایوسی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کررہے. (فوٹو: کرک انفو)
ملتان سلطانز کے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ 6 سے باہر ہوگئے ہیں، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ پاکستان سے روانگی کے لیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر ٹورنامٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کوپاکستان سے روانگی کے لیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کردیا گیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’ناقابل قبول پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سے نسیم شاہ اب 26 مئی کو ابوظہبی روانہ نہیں ہوں سکیں گے، لہٰذاوہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابرحامد کا کہنا ہے کہ ’اس فیصلے سے ہم لیگ کے بقیہ میچز میں شریک تمام افراد کو ایک واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پی سی بی کسی قسم بھی قسم کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہد آفریدی ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے کراچی میں ٹریننگ کررہے تھے جہاں انہوں نے اپنی کمر کے نچلے حصے میں درد محسوس کی۔ ڈاکٹرز نے ان کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کچھ ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ 6 کے چار میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی۔ ان کی جگہ آصف آفریدی کو ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
شاہد  آفریدی نے کہا ہے  کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے ٹریننگ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد اٹھنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ ’بدقسمتی سے امجھے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے،جس کی وجہ سے میں لیگ میں ملتان سلطانز کو جوائن نہیں کرسکوں گا۔‘

پی ی بی کے مطابق ’پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کردیا گیا ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)

شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں مایوسی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کررہے تاہم ان کی تمام تر نیک تمنائیں ملتان سلطانز کے ساتھ ہیں۔
دوسری طرف عمر امین اور برینڈن کنگ  اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کا 20 رکنی اسکواڈ مکمل ہوگیا ہے۔
پشاور زلمی نے افغانستان کے حضرات اللہ زازائی، ثمین گل اور خالد عثمان کو بحثیت ریزرو کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

شیئر: