Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں 32 ہزار شہریوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا

سلطنت عمان کے فرمانرو نے روزگار سکیمیں جلد نافذ کرنے کا حکم دیا ہے(فوٹو ٹائمز آف عمان) 
سلطنت عمان کے فرمانرو ا سلطان ہیثم بن طارق نے سال رواں کے دوران 32 ہزار سے زیادہ  شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روزگار سکیمیں جلد از جلد نافذ کریں۔ 
عمانی ایوان سلطانی کی ویب سائٹ کے مطابق سلطان ہیثم بن طارق نے مقامی نوجوانوں کو روزگار دلانے کے حوالے سے قومی پروگرام تیزی سے نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایوان سلطانی کا کہنا ہے کہ ’نوجوان کسی بھی قوم کا انمول سرمایہ ہیں۔ انہیں روزگار فراہم کرنا اہم ترین قومی ترجیحات میں سے ایک ہے‘۔
 سلطان ہیثم نے مقامی نوجوانوں کو سرکاری اور نجی اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کرنے کرنے کے لیے کہا ہے۔ 
سلطان ہیثم نے یہ ہدایت بھی دی کہ نجی کاروبار کرنے والوں کی سرپرستی کی جائے۔ اس سال 32 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے۔ ان میں سے بارہ ہزار کی تقرری سرکاری سول اور عسکری اداروں میں ہوگی۔
حکومت روزگار پروگرام پر عمل درآمد کے تمام  طریقوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس حوالے سے عمانی حکومت نے متعدد روزگار اقدامات کیے ہیں۔ 
کورونا وبا کے زمانے میں لیبر مارکیٹ سے نوجوان بھی متاثر ہوئے جبکہ کووڈ  19 وبا کی وجہ سے پورا معاشرہ متاثر ہورہا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی پروگرام نافذ کیے جائیں گے۔
العربیہ کے مطابق سرکاری شعبے میں دو ہزار شہریوں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔ مختلف سرکاری محکموں میں جزوقتی روزگار کے مواقع بھی دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ عمان میں گذشتہ دنوں روزگار اور بہتر طرز زندگی کےلیے شہریوں نے مظاہرے کیے ہیں۔

شیئر: