Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فن لینڈ کی وزیراعظم کا ناشتہ ٹیکس کے پیسوں سے؟

وزیراعظم ناشتے کے لیے 300 یورو یا 365 ڈالر ماہانہ کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ (فائل فوٹو: ان سپلیش)
فن لینڈ کی پولیس نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں گے کہ آیا ملک کی وزیر اعظم کا ناشتہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے پیسے سے غیر قانونی طور پر خریدا جاتا ہے یا نہیں۔
وزیر اعظم سنا مرین کے بارے میں فن لینڈ کے ایک اخبار میں منگل کو خبر چھپی تھی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ناشتے کے لیے حکومت سے فی ماہ 300 یورو یا 365 ڈالر کا مطالبہ کر رہی ہیں جبکہ وہ سرکاری رہائش گاہ کیسارینتا میں رہتی ہیں۔  
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 35 سالہ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ مراعات ان سے پہلے کے حکمرانوں کو بھی ملتی رہی ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق وزیراعظم کے ناشتے کی شہریوں کی ٹیکس کی رقم سے ادائیگی فن لینڈ کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔
اس حوالے سے ایک بیان میں پولیس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو کچھ ناشتوں کی رقم ادا کر دی گئی ہے، جبکہ وزارتی معاوضے کے قانون میں اس قسم کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔  
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں وزیراعظم کے دفتر میں موجود افسران کے فیصلے کی جانچ کی جائے گی اور اس سے وزیر اعظم اور ان کی سرکاری سرگرمیوں کا کوئی تعلق نہیں۔
جمعے کو سنا مرین کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کا خیر مقدم کرتی ہیں اور جب تک یہ جاری ہیں وہ ان مراعات کا مطالبہ روک دیں گی۔
فن لینڈ کی سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان نے جب سے دسمبر 2019 میں اقتدار سنبھالا ہے انہیں عوام میں مقبولیت حاصل ہے۔

شیئر: