Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امتحانات 10 جولائی کے بعد، ’امتحان کے بغیر کسی کو گریڈ نہیں ملے گا‘

وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ ’امتحانی بورڈز سے کہا گیا ہے کہ ایک سے دوسرے پیپر کے درمیان مناسب وقفہ رکھا جائے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈز کے امتحانات 10 جولائی کے بعد اور صرف اختیاری مضامین میں لیے جائیں گے۔ 'امتحانات ہر صورت ہوں گے اور امتحان کے بغیر کسی کو گریڈ نہیں ملے گا۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ ’ایکسٹرنل امتحان ایک ایسا پیمانہ ہے جو سب کے لیے برابر اور یکساں ہے۔‘
'امتحان نہ لینے کا مطلب یہ ہے کہ جو پڑھائی تھوڑی بہت ہونا بھی تھی وہ نہیں ہونی۔ ہم نے نصاب میں 40 فیصد کمی کی تھی۔'
وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ’طلبہ کے بعض مطالبات جائز تھے جن پر اجلاس میں مشاورت کی گئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں، دسویں کے امتحانات چار مضامین میں ہوں گے جن میں تین طلبہ کے خود منتخب کردہ مضامین ہوں گے جبکہ ریاضی لازمی ہوگی۔‘
شفقت محمود کے مطابق ’اسی طرح گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات صرف طلبہ کے منتخب کردہ مضامین کے ہوں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جون کے آخری ہفتے کے بجائے اب 10 جولائی کے بعد امتحانات شروع کیے جائیں گے، اس طرح طلبہ کو مزید دو ہفتے تیاری کے لیے مل جائیں گے۔‘
وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ ’امتحانی بورڈز سے کہا گیا ہے کہ ایک سے دوسرے پیپر کے درمیان مناسب وقفہ رکھا جائے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’بیماری کا زور کم ہوا ہے تو اس وقت کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے امتحانات لینے کا فیصلہ کیا۔‘
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وبا کے باعث تعلیمی ادارے گذشتہ ڈیڑھ برس کے دوران زیادہ تر وقت بند رکھے گئے جس کے بعد طلبہ نے آن لائن امتحانات کے لیے مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیا۔

شیئر: