Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان: پاکستان سمیت کئی ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں توسیع

 کورونا وبا سے متعلق دیگر پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سلطنت عمان نے خشکی کے راستے جی سی سی کے شہریوں کے سفر پر پابندیاں ختم کر دی ہیں جبکہ کورونا وبا سے متعلق دیگر پابندیوں میں بھی نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عمان کے سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں کہا گیا کہ سوڈان، برازیل، نائجیریا، تنزانیہ، سرالیون، ایتھوپیا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش، مصر اور فلپائن سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی میں توسیع کی گئی ہے۔ 
عمانی ٹی وی کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ، ملائیشیا،  ویتنام سے آنے والوں کو بھی سلطنت عمان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
علاوہ ازیں ایسے تمام غیرملکیوں کو جو سفر سے  پہلے چودہ روز کے دوران کسی بھی ممنوعہ ملک میں گئے ہوں انہیں بھی عمان آنے نہیں دیا جائے گا۔ یہ  پابندی پانچ جون سے غیر معینہ مدت کے لیے لگائی گئی ہے۔ 
عمانی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایسی مساجد کی بحالی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جن میں کم از کم سو افراد نماز ادا کرسکتے ہوں۔ یہ مساجد پانچوں فرض نمازوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ پچاس فیصد تک گنجائش کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بحال کی جا رہی ہیں جبکہ شادی گھر بھی کھول دیے جائیں گے تاہم 30 فیصد گنجائش کے ساتھ ہی لوگوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔

شیئر: