Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری ملازمین ویکسین لگوائیں گے تو تنخواہ ملے گی: سندھ حکومت

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر کے ویکسینیشن سینٹر کو روزانہ 30 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام سرکاری ملازمین کو کورونا ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جو سرکاری ملازم کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائے گا تو اگلے مہینے سے اس کی تنخواہ روک دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا نے اس حوالے سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ’صوبائی محکمہ خزانہ کو اس حوالے سے احکامات جاری کردیے گئے ہیں کہ صوبے بھر میں تمام سرکاری ملازمین اگر جون کے اختتام تک کورونا ویکسین نہیں لگواتے تو جولائی سے ان کی تنخواہیں روک دی جائیں۔‘
وزیراعلیٰ سندھ نے ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد بڑھاتے ہوئے صوبے بھر کے 300 بیسک ہیلتھ یونٹس میں ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ جبکہ ساتھ ہی ان سینٹرز کو ویکسین کی روزانہ 30 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا ہے۔
اس کے علاوہ مراد علی شاہ نے موبائل ویکسینیشن ٹیم کو روزانہ 60 ہزار خوراکیں لگانے جبکہ 90 نجی ہسپتالوں کو 10 ہزار خوراکیں روزانہ لگانے کا ہدف دیا ہے تاکہ جلد از جلد زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسینیشن کی جا سکے۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے پاکستان میں فائزر ویکسین لگوانے سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔  
اسلام آباد کے محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو گذشتہ روز بتایا کہ ’این سی او سی کی ہدایت کے مطابق فائزر ویکسین بیرون ملک سفر کرنے والوں کو لگائی جائے گی۔‘
’فائزر ویکسین ان لوگوں کے لیے مختص کی گئی ہے جو ملازمت یا تعلیم کی غرض سے بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں یا ایسے مسافروں کو ترجیح دی جائے گی جو ان ممالک کا سفر کرنا چاہتے ہیں جہاں فائزر ویکسین کی شرط عائد کی گئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’عمرہ اور حج زائرین کے لیے بھی فائزر ویکسین مختص کی گئی ہے اور جیسے ہی حج آپریشن کا اعلان کیا جائے گا، 40 سال سے کم عمر کے زائرین کو فائزر ویکسین کے لیے ترجیح دی جائے گی۔‘ 
اس کے علاوہ چند روز قبل پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین ’پاک ویک‘ لانچ کر دی گئی ہے۔ 
نینشل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں ویکسین کی ایک لاکھ 18 ہزار خوراکیں تیار کی گئی ہیں۔

شیئر: