کورونا کے نئے کیسز ایک ہزار سے کم، مزید 16 اموات
کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 9 ہزار 446 ہو گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں اتوار 6 جون کو کورونا کے نئے کیسز ایک ہزار سے کم سامنے آئے ہیں۔
اتوار کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 984 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 185 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 16 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر سات ہزار 456 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 9 ہزار 446 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 545 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض مکہ ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 349 ہے جبکہ ریاض ریجن میں 210 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
شرقیہ ریجن میں 140، مدینہ ریجن میں 73، عسیر ریجن میں 61، جازان ریجن میں 59، القصیم ریجن میں 37، تبوک ریجن میں 15، نجران ریجن میں 12، حائل ریجن میں 13، الباحہ ریجن میں 9، الحدود الشمالیہ میں 3 جبکہ الجوف ریجن میں 3 مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 57 ہزار 546 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ 40 ہزار 644 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘