Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز ملک میں نہیں دکھائی جائے گی: فواد چوہدری

’سیریز دکھانے کے لیے پی ٹی وی نے انڈین کمپنی سے معاہدہ کرنا تھا، جس کی درخواست وفاقی کابینہ نے مسترد کر دی ہے‘ (فوٹو: اے پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز پاکستان میں نہیں دکھائی جائے گی کیونکہ اس کے لیے پی ٹی وی نے انڈین کمپنی سے معاہدہ کرنا تھا، پی ٹی وی کی درخواست کو وفاقی کابینہ نے مسترد کر دیا ہے۔‘
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’انڈیا کے ساتھ ہمارے تعلقات کشمیر میں پانچ اگست کے اقدام کو واپس لیے جانے پر منحصر ہیں۔‘
انہوں نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مسلمانوں کو انتہا پسندی کا طعنہ دینے والوں کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے۔‘
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ ’مسلمان ممالک کو لیکچرز دینے والے اسلاموفوبیا پر قابو پائیں۔‘
انہوں نے وزیراعظم کی تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ دنیا کی توجہ اسلاموفوبیا کی طرف دلا چکے ہیں۔’
فواد چوہدری نے ایک بار پھر اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’ملکی معیشت کے لیے ان کا کردار بہت اہم ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اوورسیز پاکستانیز کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ لانا چاہ رہے ہیں تاہم اپوزیشن اس حوالے تعاون نہیں کر رہی۔‘
ان کے مطابق ’مسلم لیگ ن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی۔‘ انہوں نے احساس پروگرام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ دنیا میں تیسرا بڑا ایمرجنسی کیش پروگرام ہے۔‘
وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ ’اجلاس میں ٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان کو این آر ٹی سی میں ضم کرنے کی منظوری بھی دی گئی اور اس مقصد کے لیے بین الوزارتی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔‘
’کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا بلکہ این آر ٹی سی میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔‘

فواد چوہدری نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا (فوٹو: اے ایف پی)

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اجلاس میں طارق ملک کو نادرا کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’انتخابی اصلاحات کے تحت حکومت 500 الیکٹرانک مشینوں کا آرڈر دینے جا رہے ہیں۔ ریلوے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ’اتنے بڑے ادارے کو پھونک مار کر ٹھیک نہیں کیا جا سکتا۔‘
ریلوے کی حالت زار کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کو قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری کہا کہ ’اس نے اپنے دور حکومت میں ٹریکس پر پیسہ لگانے کے بجائے اورنج لائن ٹرین بنائی۔‘
آنے والے بجٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’اس کو منظور کروانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔‘

شیئر: