Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی سے پشاور پہنچنے والے 24 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص

مسافروں میں عمومی سکریننگ کے دوران کورونا وائرس پایا گیا ہے (فوٹو: سول ایوی ایشن اتھارٹی)
متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچنے والے 128 میں سے 24 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
جمعرات کے روز ابو ظبی سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص اس وقت ہوئی جب پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر مسافروں کی عمومی سکریننگ کی گئی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باچا خان ایئرپورٹ پر ابو ظبی سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔
گذشتہ ماہ دی گئی ہدایت میں حکومت پاکستان نے تمام ایئر لائنز سے کہا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافروں کا صرف منظور شدہ لیبارٹریز سے کیا گیا کورونا منفی ٹیسٹ قبول کیا جائے گا۔‘
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافروں کو صرف منظور شدہ لیبارٹریز کا ٹیسٹ ہونے کی صورت میں ہی پاکستان داخلے کی اجازت دی جائے گی، غیر منظور شدہ لیبارٹریز سے کرائے گئے ٹیسٹ کے حامل مسافر ہونے کی صورت میں متعلقہ ایئر لائنز پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ جعلی رپورٹ جمع کروانے والے مسافروں کا داخلہ روکا جا سکے۔‘ 
خیال رہے کہ اماراتی حکومت نے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے مختلف ریاستوں میں قائم 70 لیبارٹریز کو منظور شدہ قرار دیا ہے۔ یہ فہرست متحدہ عرب امارات کی سرکاری ویب سائٹ www.u.ae پر دیکھی جاسکتی ہے۔  

 

شیئر: