Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر ابوظہبی میں نئی پابندیاں

عوامی مقامات پر ویکسین لگوانے والوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔(فوٹو سعودی گزٹ)
متحدہ عرب امارات کی  دوسری سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ابوظہبی میں  کورونا وائرس کی ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے نئی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 15 جون سے ابوظہبی میں خریداری مراکز، مالز، ریستوران، کیفے اور دیگرعوامی مقامات پر صرف ایسے افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی جنہوں نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے یا ان کا کورونا ٹیسٹ منفی ثابت ہوا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں گذشتہ روز بدھ کی رات دیر گئے ان قواعد کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران متحدہ عرب امارات  میں کورونا کیسز میں روزانہ اضافہ سامنے آ رہا ہے۔

گذشتہ تین ہفتوں سے کورونا کیسز میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ (فوٹو گلف نیوز)

متحدہ عرب امارات میں گذشتہ روز بدھ کو 2،179 نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں واضح رہے کہ یہاں 17 مئی کو 1،229 کیسز ریکارڈ کئے گئے تھے۔
ابوظہبی کے میڈیا آفس نے بتایا کہ یہ پابندیاں عوامی پارک، ہوٹلوں ،جم ، ساحل سمندر،  سوئمنگ پولز، تفریحی مراکز، سینما اور عجائب گھروں پر بھی لاگو ہوں گی۔
ان تمام مقامات پر جانے والوں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ انھوں نے کورونا ایپ کے ذریعے ویکسین کروا لی ہے یا حال ہی میں انہوں نے کورونا ٹیسٹ کروایا ہے جس کا نتیجہ منفی رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن یا ٹیسٹ کی تاریخ بھی واضح ہونا ضروری ہے۔
موبائل فون پر ایپ کے ذریعے کورونا ویکسین لگانے کے بعد  یا  ٹیسٹ کا  منفی نتیجہ ہونے پر سبز رنگ سے واضح کیا جاتا ہے۔

امارات میں گذشتہ روز 2،179 نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے۔(فوٹو عرب نیوز)

اس کے ساتھ ساتھ جس شخص نے ویکسین نہیں کروائی ہو گی اسے موبائل ایپ پر سبز رنگ برقرار رکھنے کے لیے ہر تین دن بعد کورونا ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ویکسین لگوانے والا شخص 30 دن بعد ٹیسٹ کروائے گا۔
متحدہ عرب امارات نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ 6 جون سے براہ راست تقاریب اور سماجی سرگرمیوں اور شادیوں میں شرکت صرف ان افراد تک محدود ہوگی جو یہ ثابت کرسکیں کہ انہوں نے کورونا ویکسین کی خوراک لے لی ہے۔
 

شیئر: