Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فردوس عاشق اعوان کا قادر مندوخیل کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے۔
جمعرات کے روز اپنے ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ’وکلا سے مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ ایسا اس لیے کر رہی ہیں تاکہ آئندہ کسی بھی خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور گھٹیا رویہ اختیار کرنے کا راستہ روکا جائے۔‘

 

 فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ’قادر مندوخیل کو جلد قانونی نوٹس جلد موصول ہوجائے گا۔‘
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’قادر مندوخیل نے پروگرام میں فردوس عاشق اور ان کے والد کے خلاف گھٹیا اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی۔‘   
فردوس عاشق اعوان کے نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پیپلز پارٹی کے ایم این اے نے  ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر جھوٹے اور مضحکہ خیز الزامات عائد کیے اور بغیر کسی ثبوت کے انہیں ’کرپٹ‘ کہا۔‘  
نوٹس کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے قادر مندوخیل سے 14 روز کے اندر اپنا بیان واپس لینے اور ان سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے علی الاعلان معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
’معافی نہ مانگنے کی صورت میں ان کے خلاف ایک ارب روپے کے قانونی نوٹس پر چارہ جوئی شروع کر دی جائے گی۔‘
یاد رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبد القادر مندوخیل کے درمیان ایک ٹی وی شو کے سیٹ پر ہاتھا پائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وضاحت کی ہے کہ انہیں اپنے دفاع میں انتہائی اقدام اٹھانا پڑا۔
ایکسپریس ٹی وی پر اینکر جاوید چوہدری کے پروگرام ’اب تک‘ کے سیٹ سے لیک ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں سیاست دانوں میں شدید تلخ جملوں کے تبادلے اور زبانی تلخ کلامی کے بعد فردوس عاشق اعوان پیپلز پارٹی کے رہنما کو تھپڑ مار رہی ہیں۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ پروگرام کے دوران نہیں ہوا۔ 
پروگرام کے بعد اپنے وضاحتی ویڈیو بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ’قادر مندوخیل نے مجھے ہراساں کیا اور دھمکیاں دیں۔‘
فردوس عاشق اعوان کے مطابق ’ان کی اس بدکلامی اور بدزبانی کی وجہ سے مجھے اپنے دفاع میں انتہائی اقدام اٹھانا پڑا کیونکہ میری سیاسی ساکھ اور عزت داؤ پر لگی۔‘

فردوس عاشق اعوان نے قادر مندوخیل سے 14 روز کے اندر اپنا بیان واپس لینے اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)

اپنے ویڈیو بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ جو ویڈیو لیک کی گئی وہ سلیکٹڈ ویڈیو لیک ہوئی۔ ’میں چاہوں گی کہ پوری ویڈیو لیک ہو تاکہ عوام کو پتا چلے کہ کس طرح پیپلز پارٹی کے ایم این اے نے مجھے انتہائی قدم پر مجبور کیا۔‘
دوسری جانب اردو  نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو واضح ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے مجھ پر ہاتھ اٹھایا اور میں نے خاتون ہونے کا لحاظ کرتے ہوئے برداشت کا مظاہرہ کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں چیختا رہا کہ یہ عورت ہیں اور عورت ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔‘

شیئر: