Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود قریشی کی کویتی وزیر خارجہ سے ملاقات، ’ویزہ بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں‘

شاہ محمود قریشی کی کویت کے وزیر خارجہ سے ملاقات انطالیہ سفارتی فورم کے دوران ہوئی۔ فوٹو: ٹوئٹر شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ احمد ناصر المحمد الصباح کے ساتھ ملاقات میں پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزہ پابندیوں میں نرمی کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترکی میں ہونے والی انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر شاہ محمود قریشی کی کویت کے وزیر خارجہ سے سنیچر کے روز ملاقات ہوئی ہے۔
وزیر خارجہ نے اپنے کویتی ہم منصب کے ساتھ تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کویت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزہ پابندیوں میں نرمی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات ہیں، رہنماؤں کی سطح پر جاری تبادلوں کے ذریعے ہر سطح پر گہرے تعاون کے خواہش مند ہیں۔
دو روزہ انطالیہ سفارتی فورم میں اعلیٰ سیاسی رہنماؤں، سفارتکاروں اور تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی ہے۔
یاد رہے کہ سکیورٹی کی مشکل صورتحال کی بنیاد پر سنہ 2011 میں کویت نے پاکستان، ایران، عراق، شام اور افغانستان کے شہریوں کے لیے ویزہ سروس معطل کر دی تھی۔
پاکستان نے ویزہ کی بحالی سے متعلق مذاکرات کویت کے ساتھ 2020 میں شروع کیے تھے، جس کے بعد اسی سال اکتوبر میں 208 نرسوں، ڈاکٹروں اور میڈیکل ٹیکنیشن پر مشتمل پہلا گروپ کویت گیا تھا۔
اس کے بعد سے طبی عملے کے مزید چار گروپ کویت جا چکے ہیں۔
حال ہی میں 192 پاکستانی طبی عملے کے افراد پر مشتمل پانچواں گروپ کویت گیا ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے سے اب تک 938 پاکستانی ہیلتھ کیئر ورکرز کویت جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ پاکستانیوں کے لیے کویت کا فیملی اور کاروباری ویزہ فوری بحال کر دیا جائے گا۔

شیئر: