Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین کی دوسری خوراک مختلف کمپنی کی دینے کا جائزہ

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’وزارت صحت دوسری خوراک پہلی کورونا ویکسین سے مختلف کمپنی سے دینے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق العبد العالی نے اتوارکو کووڈ 19 سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ’ ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم جیسے ہی اس کا فیصلہ ہوگا اسی وقت اعلان کردیا جائے گا‘۔ 
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بعض میڈیکل جائزوں نے رپورٹ دی ہے کہ ایک ہی شخص کو نئے کورونا وائرس سے تحفظ کے  لیے پہلی خوراک کسی ایک ویکسین اور دوسری خوراک کسی دوسری ویکسین سے دی جاسکتی ہے۔ متعدد ملکوں میں اس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے‘۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ’  آکسفورڈ کی تیار کردہ ایسٹرازینکا ویکسین سعودی عرب میں موجود ہے۔ اس کے ختم ہونے کے دعوے غلط ہیں‘۔ 
ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا کہ ’جس قدر جلد سب لوگ ویکسین حاصل کرلیں گے اتنی ہی زیادہ  یہ بات یقینی ہوجائے گی کہ کورونا وائرس نئی شکل میں ابھر کر معاشرے کومتاثر نہیں کرے گا‘۔
انہوں نے پھر کہا کہ’ مملکت کے تمام علاقوں میں مقامی شہری اور مقیم غیرملکی ویکسین کے لیے جلد از جلد اندراج کرالیں‘۔ 
’ حفاظتی ماسک کے استعمال  اور ہاتھ پابندی سے دھونے نیز سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سے نئے قسم کے کورونا وائرس سے محفوظ رہیں گے‘۔

 

شیئر: