Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی میں سیاحوں کے لیے بھی مفت ویکسینیشن

ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق ایکسپائر ویزے والے افراد بھی ویکسینیشن کرا سکتے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں سیاحوں کے لیے مفت ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس حوالے سے تاحال کوئی اشارے نہیں ملے کہ یہ سہولت دبئی یا امارات کی دیگر پانچ ریاستوں میں بھی فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ قبل ازیں ابوظبی میں ویکسینیشن کی مفت سہولت صرف مقامی شہریوں یا ایسے افراد کو میسر تھی جن کے پاس ریاست میں مستقل قیام کا ویزہ ہے۔

 

متحدہ عرب امارات کے پبلک ہیلتھ کے محکمے کے تحت کام کرنے والی کمپنی ابوظبی ہیلتھ سروسز (سیحا) کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایسے سیاح جو ریاست میں ہیں یا ابوظبی پہنچیں گے وہ مفت ویکسینیشن کی بکنگ کرا سکتے ہیں۔
ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق ایسے افراد جن کی ریذیڈنسی یا انٹری ویزہ ایکسپائر ہو چکا ہے وہ بھی ویکسینیشن کرا سکتے ہیں۔
کورونا کی وبا کے دوران کئی افراد کی ملازمتیں چلی گئیں جبکہ بہت سے لوگ سفری پابندیوں کا شکار ہو گئے جن کے باعث ان کے ویزہ یا ریذیڈنسی ایکسپائر یا منسوخ قرار دیے جا چکے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ’رواں ماہ ویکسینیشن کے لیے اہل افراد میں سے 85 فیصد نے ویکسین کی ایک خوراک لے لی ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اب تک ایسے افراد کی تعداد کتنی ہے جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں گذشتہ ماہ کے دوران کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا تھا جبکہ ابوظبی میں داخلے پر تاحال پی سی آر ٹیسٹ اور گھروں میں قرنطینہ جیسی پابندیاں عائد ہیں۔
امارات کی دیگر ریاستوں سے آنے والوں کو ابوظبی میں داخلے پر ٹیسٹ دکھانا ہوتا ہے کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا نہیں ہیں۔
چین، جرمنی اور امریکہ سمیت 27 ملکوں سے آنے والوں کو قرنطینہ کی پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہے۔
ابوظبی ہیلتھ سروسز (سیحا) کی جانب سے چین کی سائنو فارم کے علاوہ امریکہ کی فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
روئٹرز کے مطابق دبئی میڈیا آفس سے رابطہ کر کے پوچھا گیا کہ کیا ویکسینیشن کے لیے اہلیت کا معیار تبدیل کیا گیا ہے تو فوری طور پر جواب نہیں دیا گیا۔

شیئر: