Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تفریح کا ایک نیا جہاں: سعودی عرب میں ’سمر وائبز پروگرام‘ کا آغاز

سمر پروگرام 2021، 24 جون سے ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا (فوٹو: وزارت سیاحت)
سعودی سیاحت اتھارٹی کا پروگرام ’سمر وائبز‘ سیاحت اور تفریح کا ایک نیا جہاں لا رہا ہے۔ جس میں لطف اندوز ہونے کے لیے بہت کچھ ہے جبکہ اس میں 11 سیاحتی مقامات اور 500 سے زائد تفریحی تجربات بھی شامل ہیں۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سعودی سیاحت اتھارٹی نے اپنے سمر پروگرام 2021 کا آغاز کر دیا ہے جو 24 جون سے ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔
اس پروگرام میں 250 نجی شعبوں کے تعاون کے ساتھ سعودی پلیٹ فارم کے ذریعے سیاحوں کو لطف اندوز ہونے کے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
’سمر وائبز‘ پروگرام میں مقامی اور بین الااقومی سیاحوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ آنے والے سیاح جدہ اور ینبوع کے ساحل سے لے کر کنگ عبداللہ اکنامک سٹی تک اور پہاڑی علاقوں میں تبوک اور الاحسا کے تاریخی ورثے سمیت مملکت کا دل ریاض میں موجود سیاحتی مقامات سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
33 سالہ ڈینا ال علی جو دو بچوں کی والدہ ہیں، انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث موسم گرما میں اپنے خاندان کے ساتھ کسی بھی بین الااقومی تفریحی پروگرام میں نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس پروگرام سے متعلق خبروں نے انہیں پرجوش کر دیا ہے، کیونکہ وہ بچوں کی طویل موسم گرما کی چھٹیوں کو تفریحی پروگراموں سے دلچسپ بنانا چاہتی ہیں۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ہر مرتبہ موسم گرما میں سیر و تفریخ کے لیے لازمی جاتے تھے لیکن گذشتہ سال موسم بہت سی چیزیں بدل گئیں اور کورونا وائرس کے ہم کہیں نہیں گئے۔‘
سعودی اتھارٹی کے پروگرام ’سمر وائبز‘ کے بارے میں انہوں نے کہا ’گھر کے قریب کچھ نیا کرنا زیادہ بہتر ہے اور یہاں دیکھنے کے لیے بھی بہت کچھ ہے، یہ بھی گرمیوں میں گھومنے کا ایک اچھا موقع ثابت ہو سکتا ہے۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ’عالمی سطح پر سیاحت کے شعبے کو درپیش مسائل کے باوجود سعودی عرب میں موسم گرما کے پروگرام کا آغاز مملکت میں سیاحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ہونے والے اقدامات اور عزم کو ظاہر کرتا ہے۔‘

شیئر: