Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسٹاگرام کون سے نئے فیچرز متعارف کروانے والا ہے؟

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی سوشل میڈیا ایپ کے نئے فیچرز جلد آ رہے ہیں جن میں ویڈیوز، میسجنگ، کریٹرز اور شاپنگ جیسے فیچرز شامل ہوں گے۔
ایڈم موسیری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مستقبل قریب میں ویڈیوز میں تبدیلی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک اور یوٹیوب بڑے حریف ہیں۔‘
انسٹاگرام مستقبل میں صارفین کے لیے ’ریکمنڈیشنز‘ کا فیچر بھی متعارف کروائے گا۔ یہ فیچر صارفین کی ترجیحات پر مبنی ہوگا۔
ایڈم موسیری نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہم ہمیشہ نئے فیچرز متعارف کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ابھی ہم چار اہم فیچرز پر کام کر رہے ہیں جن میں کریٹرز، ویڈیو، شاپنگ اور میسجنگ شامل ہیں۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق ’ریکمنڈیشنز‘ کا فیچر ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے اور اس کا پہلا ورژن گذشتہ ہفتے سامنے آیا۔ رواں ہفتے انسٹاگرام ’ریکمنڈیشنز‘ کا نیا فیچر آئے گا جس میں جس میں صارفین اپنی مرضی کے عنوان منتخب کر سکیں گے۔
ایڈم موسیری نے کہا کہ ویڈیوز فیچر میں کچھ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جس میں آپ ویڈیوز کو فُل سکرین دیکھ سکیں گے۔
 ان کا کہنا تھا کہ ویڈیوزکا فیچر تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے فائدہ مند ہو گا۔ اس کا مطلب ہے کہ انسٹاگرام ’ریلز‘ ’آئی جی ٹی وی‘ اور پلیٹ فارم پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں مزید تبدیلیاں لائے گا۔
انسٹاگرام کریٹرز کے لیے بھی تبدیلیاں لا رہا ہے تاکہ انہیں مونیٹائزیشن میں بہتر طریقے سے مدد مل سکے۔ انسٹاگرام شاپنگ جیسے فیچرز پر بھی کام کر رہی ہے۔
ان سب کے علاوہ ایسی رپورٹس بھی ہیں کہ انسٹاگرام سٹکرز کے ذریعے سٹوریز میں لنکس شیئر کرنے کی ٹیسٹنگ بھی کر رہا ہے۔

شیئر: