Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کب اور کس سے؟ علیزے شاہ نے جواب دے دیا

کچھ عرصہ قبل اداکار عمران عباس کے ساتھ ان کی شادی کی خبریں زیرگردش رہی تھیں (فوٹو: انسٹاگرام علیزے شاہ)
پاکستانی اداکارہ و گلوکارہ علیزے شاہ نے خاصے عرصے سے اپنی شادی سے متعلق زیرگردش خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فی الوقت ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔
’ہم سٹائل ایوارڈز کی ریہرسل کے موقع پر بنائی گئی ویڈیو‘ میں علیزے شاہ نے جہاں اپنی شادی سے متعلق اطلاعات پر بات کی وہیں اس معاملے میں اپنے فیصلے کے اسباب پر بھی روشنی ڈالی۔
’عشق تماشہ‘، ’عہد وفا‘‘ اور ’جو تو چاہے‘ سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کرنے والی 21 سالہ علیزے شاہ نے کچھ عرصہ قبل گلوکاری کے میدان میں قدم رکھتے ہوئے ساحر علی بگا کے ساتھ ایک گانا بھی ریلیز کیا تھا۔
متعدد ڈراموں کے ساتھ ’سپر سٹار‘ نامی فلم کا حصہ رہنے والی علیزے شاہ نے ’ہم سٹائل ایوارڈز‘ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ ویڈیو میں اپنی شادی سے متعلق مختلف اطلاعات پر دوٹوک جوابات دیے۔
عمران عباس سے شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے علیزے شاہ کا کہنا تھا کہ ’نہیں کی میں نے ان سے شادی، پتہ نہیں کس نے یہ افواہ پھیلائی ہے۔‘
ان سے شادی کے ایک پرپوزل کے بارے میں پوچھا گیا جس میں شادی کے بدلے 50 تولے یا پانچ ہزار تولے سونا دینے کی پیشکش کی گئی تھی، عیلزے شاہ نے اس کے جواب میں بتایا کہ ’میں نے خود بھی یہ سنا تھا مگر مجھے پوری انفارمیشن نہیں پتہ اس کی کہ یہ کیا تھا۔‘

ڈراموں اور فلم کے بعد اداکارہ گلوکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کر چکی ہیں (فوٹو: انسٹاگرام علیزے شاہ)

ان سے پوچھا گیا کہ جب انہوں نے سنا تھا تو پھر اس کے بارے میں معلومات کیوں نہیں حاصل کیں تو جواب میں ان کا کہنا تھا ’میں کیوں کروں، مجھے کوئی دلچسپی نہیں، ابھی زندگی میں مجھے بہت کچھ کرنا ہے۔‘
’ٹرک کو اپنے بالوں سے کھینچ سکنے‘ کے سوال پر ان کا چھوٹا ہونا تسلیم کرنے والی علیزے سے پوچھا گیا کہ ’انہوں نے اپنے نئے ہیر سٹائل پر افسوس کیا ہے‘ تو جواب میں انہوں نے کہا کہ ’نہیں میں اس انداز میں خود کو زیادہ مضبوط محسوس کرتی ہوں، مجھے لگتا ہے کہ میں کچھ بھی کر سکتی ہوں۔‘
ان کے حالیہ گانے ’بدنامیاں‘ کا ذکر کیے بغیر سوال کیا گیا کہ کیا وہ کسی خاص گلوکارہ جیسی بننا چاہتی ہیں جس پر انہوں نے اس تاثر کی نفی کی،

علیزے شاہ نے چھ برس کی عمر میں پہلی مرتبہ ایک کمرشل میں کام کیا تھا (فوٹو: ویڈیو گریب)

’علیزے کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ہے؟‘ کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’انسان ہر کسی کے ساتھ کام نہیں کر سکتا، ہر انسان مختلف ہوتا ہے، اس کی سب کے ساتھ بننا لازم نہیں، اس لیے یہ سمجھا جاتا ہے کہ میرے ساتھ کام کرنا مشکل ہے۔ میرے ساتھ جو بھی جیسا برتاؤ کرتے گا جواب میں ویسا ہی پائے گا۔‘
سابق پاکستان کپتان وسیم اکرم کے ساتھ چھ برس کی عمر میں ایک کمرشل کا حصہ بننے والی علیزے شاہ نے پروفیشنل اداکارہ کے طور پر اپنا کیریئر 2017 میں شروع کیا تھا۔

شیئر: