Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش ٹیم میں کورونا،’خبر مایوس کن تھی مگر دورہ ختم کرنے کا سوچا تک نہیں‘

برسٹول میں پیر کو انگلش ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور چار سٹاف ارکان کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اُنہوں نے انگلینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کا سوچا تک نہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو بابر اعظم سے ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران جب پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں کورونا کے کیسز سامنے آنے پر دورہ ختم کرنے کا سوچا تو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا جواب تھا کہ ’نہیں، ہم نے اس بارے میں نہیں سوچا، یہ خیال کسی بھی وقت ہمارے ذہنوں میں نہیں آیا۔‘

 

انہوں نے کہا کہ ’یہ مایوس کن خبر تھی اور ہمیں اس وقت یہ بات سمجھتے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے مثالی حالات موجود نہیں ہے۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلش ٹیم کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے برطانیہ میں موجود ہے۔
انگلش کھلاڑیوں اور سٹاف کے ارکان میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے 18 رکنی ٹیم میں کئی تبدیلیاں کیں اور بین سٹوکس کو کپتان مقرر کیا۔
برسٹول میں پیر کو انگلش ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور چار سٹاف ارکان کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔
کورونا مثبت آنے والے کھلاڑیوں کے نام تاحال نہیں بتائے گئے تاہم کپتان آئن مورگن کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔
اس دوران حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے والے انگلینڈ کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ اس طرح یہ کھلاڑی پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔‘
پاکستان کرکٹ ٹٰیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یہ سمجھنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے غیرمعمولی حالات سے گزر رہے ہیں۔ اپنے کھلاڑیوں کے حالات کو بھی سمجھتا ہوں جو بائیو سکیور ببل میں وقت گزار رہے ہیں اور ہم اس کے لیے تیار رہے۔ ہم کرکٹ اور کل کے میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔‘

شیئر: