Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری: ڈائیو کس کی اچھی؟

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز آٹھ جولائی سے ہوگا۔ (فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ وہ بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
انگلینڈ کے شہر ڈربی سے ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیریز میں پاکستانی بولرز نے بہتر کارکردگی دکھائی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی توجہ کھلاڑیوں کی رینکنگ کے بجائے ٹیم کی کارکردگی پر ہوگی۔
’ہم کھلاڑیوں کی درجہ بندی کو نہیں دیکھتے، ہماری توجہ ٹیم کی کارکرگی پر ہے۔ اگر ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے تو کھلاڑیوں کی رینکنگ خود بخود ٹھیک ہوگی۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آٹھ جولائی سے کرکٹ سیریز شروع ہوگی جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز شامل ہیں۔
تین ون ڈے میچز صوفیہ گارڈنز، لارڈز لندن اور ایجبیسٹن کے میدان میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی 20 میچز ٹرینٹ برج، ہیڈنگلے لیڈز اور اولڈ ٹریفرڈ میں ہوں گے۔
یہ میچز آٹھ جولائی سے شروع ہوں گے اور 20 جولائی تک جاری رہیں گے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے ایک ہفتہ قبل انگلینڈ کے شہر ڈربی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کر دیا تھا تاہم مڈل آڑڈر بیٹسمین حارث سہیل اب بھی اپنی دائیں ٹانگ میں درد محسوس کر رہے ہیں لہٰذا وہ پانچ سے چھ جولائی تک ڈربی میں شیڈول آخری دونوں پریکٹس سیشنز میں شرکت نہیں کریں گے۔
کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے ساتھ فزیکل ٹریننگ پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے کھلاڑیوں کی پریکٹس کی تصاویر شیئر ہوئے لکھا کہ کونسی تصویر آپ کی پسندیدہ ہے۔
ان تصاویر میں مختلف کھلاڑیوں کو ڈائیو لگا کر بال کو کیچ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ساتھ ہی ایک صارف عمیر شاہد نے لکھا کہ دوران میچ کسی کو بھی ایسی فیلڈنگ کرتے نہیں دیکھا جس پر ایک اور صارف دانش نوید کا کہنا ہے اس کا مطلب کہ آپ نے کبھی میچ دیکھا ہی نہیں۔

شاداب خان کی فیلڈنگ کے حوالے سے ٹوئٹر صارف دعا شاداب نے لکھا کہ ’ فلائنگ جیٹ، پاکستان کا بہترین فیلڈرشاداب۔‘

ہیڈ کوچ مصباالحق نے بھی ڈربی کے انکورا گراؤنڈ میں پریکٹس میچ میں حصہ لیا۔
کھلاڑی جم میں بھی اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈز بالترتیب 18 اور 19 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جن میں 21 کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں فارمیٹس کا حصہ ہوں گے۔

شیئر: