Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شلپا شیٹی کا ڈیجیٹل دنیا میں پہلا قدم، ’انتہائی پرجوش ہوں‘

شلپا شیٹی کی نئی فلم ہنگامہ ٹو کی ریلیز جلد متوقع ہے۔ فوٹو انسٹا شلپا شیٹی
بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے کہا ہے کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا کے لیے اپنے پہلے پراجیکٹ کی شوٹنگ کا آغاز سال 2022 میں کریں گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شلپا شیٹی کا کہنا ہے کہ وہ سٹریمنگ ویب سائٹس کے ناظرین کی جانب سے متوقع ردعمل کے حوالے سے پرجوش ہیں۔
گو کہ اداکارہ شلپا شیٹی نے پراجیکٹ سے متعلق تفصیلات دینے سے گریز کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دنیا میں سفر کا آغاز فلم سیریز سے ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ سٹریمنگ ویب سائٹ پر نشر ہونے والے پراجیکٹ کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال کے وسط سے کرنے کا ارادہ ہے۔
اپنی فٹنس کے حوالے سے مشہور شلپا شیٹی نے پراجیکٹ سے متعلق کہا کہ اس کے لیے بہت زیادہ تیاری کی ضرورت ہے۔
’ آن لائن سٹریمنگ سروسز کی وجہ سے مجھ سمیت بہت سے اداکاروں کے لیے متعدد مواقع پیدا ہوئے ہیں۔‘
شلپا شیٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے لیے بھی بہت وقت درکار ہوتا ہے، کوئی ایسا پراجیکٹ ہونا چاہیے جو آپ کے برانڈ کے ساتھ مطابقت رکھے اور ایسے ہی پراجیکٹ کی انہیں آفر ہوئی ہے۔
شلپا شیٹی کا کہنا تھا ڈیجیٹل دنیا میں خود کو دیکھنا ان کے لیے بھی دلچسپ تجربہ ہوگا۔
خیال رہے شلپا شیٹی کی فلم ہنگامہ ٹو کی ریلیز بھی متوقع ہے۔

شیئر: