Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان نائب صدر کا الزام مسترد، ’پاکستان نے افغانستان کو کوئی دھمکی نہیں دی‘

پاکستان کی وزارت خارجہ نے افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستانی فضائیہ نے افغان ایئرفورس سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔‘
واضح رہے کہ افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح نے جمعرات کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں الزام لگایا تھا کہ ’پاکستانی فضائیہ نے افغان آرمی اور افغان ایئرفورس کو تنبیہہ کی ہے کہ سپین بولدک سے طالبان کو نکالنے کی کسی بھی کارروائی کے خلاف پاکستانی فضائیہ سخت ردِعمل کا اظہار کرے گی۔‘
جمعے کو پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’افغانستان نے چمن کے قریب اپنے علاقے میں فضائی آپریشن کرنے کے ارادے کے بارے میں پاکستان کو آگاہ کیا تھا۔‘
’پاکستان نےافغان حکومت کو اس کا مثبت جواب دیا تھا اور کہا تھا کہ افغان حکومت کو اپنے علاقے میں کارروائی کرنے کا حق حاصل ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بین الاقوامی سطح پر سرحد کے اتنے قریب آپریشنز قابل قبول نہیں۔ اس کے باوجود پاکستان نے اپنی حدود میں اپنی فوج اور آبادی کو محفوظ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افغان حکومت کو اپنے خودمختار علاقے میں کارروائی کرنے کا حق ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امراللہ صالح نے جو بیان دیا اس طرح کے بیانات سے افغانستان میں مشکلات کے حل کے لیے پاکستان کی کوششیں ماند پڑتی ہیں۔‘
’پاکستان نے حال ہی میں آنے والے افغان نیشنل سکیورٹی فورس کے 40 اہلکاروں کو باحفاظت افغان حکومت کے حوالے کیا تھا۔‘

شیئر: