Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین نہ لگوانے والوں کو سیاحتی مقامات پر جانے سے روکا جائے گا: اسد عمر

اسد عمر نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہو گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ’ویکیسن نہ لگوانے والے عید پر سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں، ایسا نہ کرنے والوں کو روکا جائے گا۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ کورونا وائرس سے متعلق بریفنگ کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہو گی۔
انہوں نے عوام سے ماسک پہننے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جلد سے جلد ویکسین بھی لگوانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں چوتھی لہر اور انڈین ویریئنٹ کے پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ملک میں اب تک دو کروڑ 21 لاکھ افراد کو ویکسین لگاائی جا چکی ہے۔‘
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ’روزانہ دو تین دن سے تقریباً ڈھائی ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔‘
بقول ان کے ’ملک بھر میں روزانہ کورونا پھیلاؤ کی شرح پانچ سے چھ فیصد ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ویکسین نہ لگوانے والوں کو لگوانے والوں کی نسبت سات فیصد زیادہ خطرہ ہے۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق ’وائرس کے انڈین ویریئنٹ کے پھیلنے کی رفتار تیز نظر آ رہی ہے۔‘
صوبہ سندھ میں جمعرات سے کورونا کے پیش نظر پابندیان نافذ کر دی گئی ہیں اور صوبے بھر میں انڈور ڈائننگ، انڈور جمز اور سینما بند کر دیے گئے ہیں۔
انڈور ڈائننگ کے علاوہ سکولوں کو پہلی جماعت سے لے کر آٹھویں تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح نہم جماعت اور اس سے اوپر کی کلاسوں کے لیے تعلیمی ادارے سوائے امتحانات کے بند ہو جائیں گے۔
تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے اور کینجھر جیسے مقامات کو بھی آج جمعے سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 327 کیسز سامنے آئے جبکہ 31 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد نو لاکھ 83 ہزار 719 ہے، جبکہ ایکٹیو کیسز کی تعداد 43 ہزار 670 ہے۔

شیئر: