Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپیئن سمیع اللہ کے مجسمے کے ساتھ ’ہاکی اور گیند دوبارہ نصب‘

ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کے نصب کیے گئے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کر لی گئی تھی (فوٹو:سوشل میڈیا)
صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے چوری ہو جانے کے بعد ہاکی اور گیند دوبارہ نصب کر دیے گئے ہیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بہاولپور احسان علی جمالی نے بتایا کہ ہاکی لیجنڈ سمیع اللہ کے مجسمے کے ساتھ ہاکی اور بال دوبارہ نصب کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے مجسمے کو اونچے مقام پر نصب کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ریلنگ بھی لگائی جا رہی ہے۔‘
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کے نصب کیے گئے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کر لی گئی تھی جس کے بعد مجسمے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں۔
ترجمان ضلعی پولیس نے اردو نیوز کو تصدیق کی تھی کہ دو دن پہلے بال چوری ہوئی تھی جبکہ سنیچر کی رات کو ہاکی بھی چوری کر لی گئی۔‘
بہاولپور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں تقریباً ایک ماہ قبل ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔
نامور پاکستانی ہاکی کھلاڑی سمیع اللہ 6 ستمبر 1951 کو بہاولپور میں پیدا ہوئے تھے۔ سمیع اللہ نے 1976 کے مانٹریال اولمپکس سے 1982 تک منعقد ہونے والے عالمی ہاکی ٹورنامنٹس کے متعدد مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
سمیع اللہ کی رفتار کے باعث انہیں فلائنگ ہارس کا خطاب دیا گیا تھا۔

شیئر: