Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ ایکسپائر ہونے کے قریب ہے خود کار طور توسیع کب؟

اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جارہی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
 ایک شخص نے سوال کیا ہے ’خروج نہائی ویزا ایکسپائر ہونے میں 50 دن باقی ہیں، مستقل واپس جانے کا ارادہ کینسل کردیا اقامےکی تجدید میں تھوڑا وقت باقی ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ پہلے اقامہ تجدید کرایا جائے یا خروج نہائی کینسل؟ 
 جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی ویزا حاصل کرنے کے بعد 60 دن کی مدت ہوتی ہے اس دوران سفرکرنا لازمی ہے۔ سفر نہ کرنے کی صورت میں مقررہ مدت کے اندر خروج نہائی کینسل کرایا جائے۔ اقامے کی مدت باقی ہے تو پہلے خروج نہائی ویزا کینسل کرایا جائے بعد میں اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے‘۔ 
واضح رہے خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ ویزے حاصل کرنے کے بعد 60 دن کی مدت کے اندر اگرسفرنہ کیا جائے یا اسے کینسل نہ کرایا جائے تو ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ 
خروج نہائی کے بعد سفرنہ کرنے کی صورت میں اقامہ کی تجدید بھی ضروری ہوتی ہے خاص کر جب اقامہ ایکسپائرہورہا ہو بصورت دیگر اقامہ ایکسپائرہونے کے تین دن بعد جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ 
 اقامہ پہلی بار ایکسپائرہونے پر 500 ریال جرمانہ ہوتا ہے دوسری بار اقامہ کی تجدید میں تاخیر پرجرمانہ ڈبل ہو جاتا ہے اور تیسری بار مملکت سے بے دخل کردیا جاتا ہے۔ 
ایک اور شخص نے استفسار کیا ہے کہ ’ اہل خانہ چھٹی پر ملک گئے ہوئے ہیں خروج وعودہ ایکسپائر ہونے میں دو دن رہ گئے ہیں خود کارطور پر تجدید نہیں ہوا کیا کریں‘؟ 

خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں اختیاری توسیع کا بھی آپشن موجود ہے(فوٹو ٹوئٹر)

جوازات کا کہنا تھا کہ اقامہ ہولڈر وہ تارکین وطن جو 2 فروری 2021 کے بعد سے ہونے والی سفری پابندی کے باعث مملکت نہیں آسکتے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں شاہی احکامات کے تحت مفت توسیع کی جارہی ہے تاہم خود کار طریقے سے کی جانے والی توسیع پرمرحلہ وار کام جاری ہے اس حوالے سے باری آنے پر اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کردی جائے گی‘۔ 
واضح رہے جوازات کی جانب سے خروج وعودہ اور اقامہ کی مدت میں اختیاری توسیع کا بھی آپشن موجود ہے تاہم حکومت کی جانب سے مفت توسیع کے احکامات صادر ہوچکے ہیں اس حوالے سے ان غیر ملکیوں کے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کا عمل جاری ہے۔ 
 سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے  پاکستان، افغانستان ، انڈیا سمیت متعدد ممالک سے یک طرفہ سفری پابندی عائد کی گئی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کی سہولت کے لیے ان کے اقاموں اورایگزٹ ری انٹری ویزے کی مدت میں توسیع کے خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔ 
متاثرہ ممالک کے بارے میں فلائٹیں کھولے جانے کے حوالے سے جوازات کا کہنا ہے کہ تاحال اس بارے میں حکام کی جانب سے کوئی اعلان نہیں ہوا جیسے ہی اس حوالے سے اطلاع موصول ہوگی جوازات کے سرکاری ذرائع سے عوام کو مطلع کردیاجائے گا۔  

شیئر: