Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ سیریز شیڈول میں ترمیم، پہلا میچ 28 جولائی کو

ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق پہلا میچ 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کا ترمیم شدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ویب سائٹ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 28 جولائی کو باربیڈوس کے برج ٹاؤن شہر کے تاریخی کینسنگٹن اوول سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پہلا میچ کینسنگٹن اوول سٹیڈیم میں صبح 10 بجے شروع ہوگا جبکہ آخری تین میچز گیانا نیشنل سٹیڈیم میں31 جولائی، یکم اگست اور 3 اگست کو صبح 11 بجے شروع ہوں گے۔ 
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے صدر رکی سکرٹ کے مطابق پی سی بی کے ساتھ مختلف حالات کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلا ٹی 20 میچ منسوخ کیا جائے اور بدھ سے چار میچز کی سیریز کا آغاز کیا جائے، جبکہ ٹوور شیڈول کو کوئی ترمیم نہ کی جائے۔
صدر کرکٹ ویسٹ انڈیز نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کا حالات کو سمجھنے اور ترمیم شدہ شیڈول پر اتفاق کرنے کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کو ری شیڈول کرنا پڑ گیا تھا جس کے باعث پاکستان کے ساتھ ٹی 20 میچز کے شیڈول میں بھی ترمیم کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے سیریز کا اختتام 26 جولائی کو ہوگا۔
ٹی 20 سیریز کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتل سیریز کا آغاز 12 اگست سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 20 اگست کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیسٹ میچز جمیکا کے سبینا پارک میں کھیلیں جائیں گے۔
آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023 میں یہ ویسٹ انڈیز کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

شیئر: