Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کا تاریخی علاقہ جہاں دیکھنے اور خریداری کے لیے بہت کچھ ہے

قدیم علاقے میں سونے، ایکسچینج اوراسی طرح کی دکانیں بھی ہیں- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ کا تاریخی علاقہ شہر کے مرکز میں واقع ہے- یہاں زندگی اپنی حقیقی شکل میں نظر آتی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے  مطابق جدہ کا تاریخی علاقہ قدیم پرشوکت طرز تعمیر اور عظیم الشان تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ یہا ں کی راہداریاں، شہر کی گلیاں، انواع و اقسام کے تجارتی مراکز، سونے، ملبوسات، خوشبویات کی دکانیں، منی ایکسچینج کی دکانیں، ملکی اور غیرملکی مصنوعات کی دکانوں کے مناظر یکھنے میں آتے ہیں۔

سیاح البدو مارکیٹ سے یادگاری تحائف خریدتے ہیں- (فوٹو ایس پی اے)

جدہ کا تاریخی علاقہ بندرگاہ سے متصل واقع ہے۔ یہاں کے پرانے گھر فن تعمیر کے بارے میں غوروفکر کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ گھر بڑی خوبیوں والے ہیں۔ ان کی تعمیر میں ایسا سامان استعمال ہوا ہے جس کی وجہ سے مکین شدید درجہ حرارت اور رطوبت سے بڑی حد تک محفوظ رہتے ہیں۔ گھر اندر سے ٹھنڈے ہوتے ہیں۔ ان کے روشن دان، ان کی دیواروں اور مزین کرنے والی لکڑیاں اور دروازے بے حد خوبصورت ہیں۔ 
جدہ کے تاریخی علاقے کی مشہور ترین عمارتوں میں بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کا وہ محل بھی ہے جسے قصر خزام کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ اسے بعد میں عجائب گھر بنا دیا گیا۔ سیاح  یہ تاریخی محل دیکھنے کے لیے پہنچتے ہیں۔ اس عجائب گھر میں بانی مملکت کی نجی اشیا مثلا  پرانا سیاہ موبائل، ان کی چھری، نایاب تصاویر سجائی گئی ہیں۔ ریاستوں کے سربراہوں اور وزرا کے ساتھ  میٹنگوں کی ان کی تصاویر عجائب گھر میں آراستہ کی گئی ہیں۔ 
جدہ کے تاریخی علاقے کی یادگاری عمارتوں میں نصیف ہاؤس ہے۔ اسے جدہ کی عمارتوں میں شاہکار کی حیثیت حاصل ہے۔ نصیف ہاؤس میں ہی شاہ عبدالعزیز نے اہل حجاز سے بیعت لی تھی۔ یہاں المتبولی ہاؤس میوزیم،  آل جمجوم ہاؤس، آل باعشن ہاؤس اور حارۃ الیمن میں آل قابل ہاؤس دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ 
جدہ کے تاریخی علاقے کی سیر کے لیے آنے والے البدو مارکیٹ سے یادگاری تحائف خریدتے ہیں۔ اس مارکیٹ کی ایک راہداری میں قابل سٹریٹ واقع ہے جہاں منی ایکسچینجرنے دکانیں کھولی ہوئی ہیں۔ یہاں قدیم زمانے سے سونے کی دکانیں بھی ہیں۔ قابل سٹریٹ، باب مکہ مارکیٹ تک چلی گئی ہے جہاں جڑی بوٹیاں اور مصالحہ جات کی دکانیں ہیں۔ شہد اور اس کی مصنوعات کا یہ بڑا بازار ہے۔  
العیدروس میدان میں بچوں  کے لیے تفریحی سامان ہے۔ یہاں جھولے لگے ہیں۔  قدیم جدہ کی کہانیاں سنانے والے گیت اونچی آواز میں بجتے ہیں۔  ہلکی پھلکی ڈشیں ریڑھی پر بیچنے والے بھی موجود ہیں۔ شائقین کی یہ پسندیدہ جگہ ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: