Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں لوڈشیڈنگ، وزیر توانائی حماد اظہر کا ایرانی سفیر کو فون

حماد اظہر کے مطابق گوادر تربت اور مکران ریجن میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ فائل فوٹو: پی آئی ڈی
پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر توانائی حماد اظہر کو بلوچستان میں بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
جمعرات کو پاکستان کے وزیر توانائی حماد اظہر نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بات چیت کے لیے ایرانی سفیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
انہوں نے بلوچستان میں بجلی کی جلد از جلد بحالی پر زور دیا جس پر ایرانی سفیر نے بتایا کہ ’ایرانی حکومت بجلی کی جلد بحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، بلوچستان کے ساحلی علاقوں کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے  ہیں۔‘
اس سے قبل جمعرات کو اپنی ایک ٹویٹ میں حماد اظہر نے لکھا کہ ایران میں بجلی کے شارٹ فال سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں گوادر تربت اور مکران ریجن میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ ’بلوچستان کے یہ علاقے پاکستان کے نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں ہیں اور ان کا دارومدار ایران سے دارآمد کی جانے والی بجلی پر ہے، پاکستان کی حکومت نے یہ معاملہ ایران کے ساتھ اٹھایا ہے۔‘
ان کے بقول ’ساحلی علاقوں کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کا کام جاری ہے۔‘
حماد اظہر کے مطابق نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کے لیے طویل ٹرانسمشن لائن کی ضرورت ہے۔ ’ترسیلی لائن کا یہ منصوبہ انشا اللہ دوسال میں مکمل ہوجائے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ موجودہ بحران سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی حکومت نے ایران سے بجلی کی فراہمی معمول پر لانے کی درخواست کی ہے۔
 

شیئر: