Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر کی جعلی حکومت کو ایک روز بھی چلنے نہیں دیں گے: بلاول

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’کشمیر کے انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں جعلی حکومت بننے جا رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر اس کا راستہ روکیں گے۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہ اس کی جانب سے کشمیر کے انتخابات کے موقع پر پیسہ چلایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی کشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے ہم جلعی حکومت کو ایک روز بھی چلنے نہیں دیں گے۔‘
’کشمیر کے الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی لیکن اس کے باوجود بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین نے نشستیں جیتیں۔‘
بلاول بھٹو نے عزم کا اظہارکیا کہ ’کشمیر میں حکومت کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑا جائے گا۔‘
انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اپوزیشن کو ایک پیج پر آنا پڑے گا۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کشمیر میں وہ شخص وزیراعظم بنے گا جس کے پاس سب سے زیادہ پیسہ ہو گا۔‘
بلاول بھٹو کے مطابق ’انتخابات میں دھاندلی کر کے شمیر کے عوام سے جمہوری حق چھینا گیا۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’کشمیری عوام کے حقوق کے لیے جنگ لڑیں گے۔‘
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ’وفاقی حکومت نے کشمیر میں الیکشن کے دنوں میں الیکشن کمیشن کے احکامات کو نظرانداز کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک وفاقی وزیر پر پابندی لگائی گئی لیکن وہ دوسرے روز جلسوں میں شریک تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی جمہوری اور پارلیمانی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘

شیئر: