Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی یونیورسٹی میں شہریوں اور غیرملکیوں سے سکالر شپ کے لیے درخواستیں

سکالر شپ والے طلبہ کو تعلیم کے بعد ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔( فوٹو ٹوئٹر)
دبئی یونیورسٹی نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے سکالر شپ اور فیس میں رعایت کے پروگرام جاری کیے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی یونیورسٹی نئی نسل کو جدید علوم کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن کے تحت سکالر شپ اور فیس میں رعایتیں دے رہی ہے اور یہ غیرمنافع بخش یونیورسٹی ہے۔
دبئی یونیورسٹی نے سکالر شپ حاصل  کرنے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ٹول فری 800863 پر رابطہ کرکے درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ 
انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انجینیئرنگ کی فیکلٹی نے گریجویشن اور ماسٹرز کے لیے مکمل اور جزوی سکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکالر شپ ڈیٹا سائنس میں دی جائیں گی۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر المرقب نے کہا ہے کہ ثانوی سکول میں نوے فیصد اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو فیس میں پچاس فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ اندرون و بیرون ملک سے داخلہ لینے والے تمام طلبہ کو یہ سہولت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ سے زیادہ سکالر شپ شیخ حمدان بن راشد آل مکتوم کے نام سے دی جارہی ہیں۔
ڈاکٹر ناصر المرقب نے کہا کہ سرمایہ کار عادل الکامل کی طرف سے 5 سکالر شپ 95 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے ممتاز طلبہ کے لیے ہیں۔
 یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹرعیسی البستکی نے کہا کہ یونیورسٹی نے متعدد سرکاری اداروں  کے ساتھ معاہدے کیے ہیں تاکہ سکالر شپ والے طلبہ کو تعلیم کے بعد ملازمتیں فراہم کی جاسکے۔

شیئر: