Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ہی گھر میں ہیں: سپیکر عرب پارلیمنٹ

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل عبدالرحمان العسومی نے کہا ہے کہ ’عرب ممالک میں مقیم پاکستانی خود کو اپنے گھر میں ہی محسوس کریں۔‘
منگل کو اسلام آباد میں اردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ’عرب ممالک میں مقیم پاکستانی ہر دل عزیز ہیں۔ وہ اپنے گھر میں ہیں۔ وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں اور ہم ہمیشہ ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘
اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی نے بتایا کہ ’پاکستان کا دورہ بہت کامیاب رہا ہے۔ ہم بڑے خوش ہیں۔ سٹریٹیجک اور دیگر امور میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھتا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے عرب ممالک کے امور اور معاملات کے بارے میں واضح موقف پر مشکور ہیں۔ حالیہ دورہ پاکستان اور عرب دنیا کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا۔‘
ایک سوال کے جواب میں عادل عبدالرحمان العسومی نے کہا کہ ’عرب پارلیمنٹ اور پاکستانی پارلیمنٹ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے اور اعلی سطح پر دورے ہوتے رہیں گے۔ چیئرمین سینیٹ اکتوبر میں ہمارے مہمان بنیں گے اور پہلے پاکستانی پارلیمانی لیڈر ہوں گے جو عرب پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’علاقائی امور اور سیاسی معاملات کے حوالے سے پاکستان اور عرب ممالک کا موقف ہمیشہ ایک جیسا رہا ہے، پاکستان نے عرب ممالک کے موقف کا ساتھ دیا اور ہمیشہ تعاون کو فروغ دیا ہے۔ مستقبل میں نہ صرف یہ تعاون بڑھے گا بلکہ ہمیں ایک دوسرے سے سیکھنے کا بھی موقع ملے گا۔‘

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے عرب پارلیمنٹ کے سپیکر سے ملاقات کی۔ (فوٹو: اردو نیوز)

اس کے علاوہ منگل کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبد الرحمن العسومی اور وفد نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ کا دورہ کیا۔
عرب پارلیمنٹ کے وفد کو پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے اعلیٰ حکام نے ادارے کے کام، طریقہ کار اور ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ادارے کی طرف سے بنائے جانے والے دفاعی پیداوار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پارلیمانی وفد کو ادارے کی طرف سے بنائے جانے والے دفاعی آلات اور مختلف شعبوں کا دورہ بھی کرایا۔
عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبد الرحمن العسومی نے ادارے کی خدمات کو سراہا۔ عرب پارلیمنٹ کے وفد کو متعلقہ حکام نے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی اور پر تکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے عرب پارلیمنٹ کے سپیکر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گذشتہ روز عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں صدر عارف علوی نے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ ’وہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے دنیا کے نظریات کو بدلنے کے لیے مل کر کام کریں۔‘

عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبد الرحمن العسومی اور وفد نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ کا دورہ کیا (فوٹو سینیٹ)

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچپسی کے تمام شعبوں میں خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر عادل عبدالرحمان العسومی نے کہا کہ  ’پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک ہے۔ امت مسلمہ کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا۔‘
اس س قبل اپنے دورے کی مصروفیات کا باضابطہ آغاز چئیرمین سینیٹ سے ملاقات سے کیا تھا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  سے بھی ملاقات کی تھی۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دو طرفہ تعاون، ادارہ جاتی تعلقات اور پارلیمانی سفارتی کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب پارلیمان عرب لیگ کا قانون ساز ادارہ ہے جو 1945 میں قائم ہوا تھا۔ پاکستان کے دورے پر موجود عرب پارلیمان کے وفد کی قیادت پارلیمان کے سپیکر عادل عبدالرحمان العسومی کر رہے ہیں۔
وفد سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر ہے۔

شیئر: