Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثنااللہ،قادر بلوچ پی پی میں شامل،’پورے ملک میں حکومت بنائیں گے‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو لوگوں کے حقوق کا دفاع کر سکتی ہے۔
 کوئٹہ میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری اور سابق وفاقی وزیر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقادر بلوچ اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے پی پی پی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی جانتی ہے کہ بلوچستان کے حقوق کو کیسے پورا کرنا ہے۔‘
’ثناء اللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ ہمارے ساتھ ہیں، ہم بلوچستان کے ہر ضلع میں پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو بلوچستان اور لوگوں کے حقوق کا دفاع کر سکتی ہے۔‘
ہم پورے ملک میں اور بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے۔ عوام جان چکے ہیں کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی، تاریخی بے روزگاری اور تاریخی غربت ہے۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘اگر آپ لوگ ہمارا ساتھ دیں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ۔ ہم سب شانہ بشانہ رہے ہیں اور مل کر کام کریں گے۔‘
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پورے ملک میں اور بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ’پاکستان پیپلزپارٹی اور بلوچستان کے عوام کا رشتہ آج کا نہیں بلکہ تین تین نسلوں کا رشتہ ہے۔‘
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اس ملک کے غریب عوام کو آواز دی، غریب کسانوں کو زمین کا مالک بنایا اور مزدوروں کو بھی حقوق دلوائے تھے۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آپ نے ایک بار پھر مردِحر صدر آصف علی زرداری کا ساتھ دیا تھا اور ہم نے تیسری دفعہ تاریخ رقم کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’صوبوں کو وہ حقوق دلائے تھے، جن کا وعدہ قائد عوام نے کیا تھا مگر وہ وعدہ تو صدر زرداری کے دور میں پورا ہوا جب ہم نے صوبوں کو حقوق دلائے تھے، جب ہم نے این ایف سی ایوارڈ دلایا تھا، اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آپ کو اپنے حقوق دلائے تھے اور آپ کو اپنے وسائل کا مالک بنایا تھا۔‘
بلوچ سیاسی رہنماؤں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت
اس موقع پر بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر ثنااللہ زہری اور سابق وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ عبدالقادر بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
ان کے علاوہ مسلم لیگ ق کے رکن اور سابق صوبائی وزیر کرنل ریٹائرڈ یونس چنگیزی، نیشنل پارٹی کے رکن نواب محمد خان شاہوانی، مسلم لیگ ن کی کشور احمد جتک، سابق رکن بلوچستان اسمبلی، سردار چنگیز ساسولی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سردار عمران بنگلزئی نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

شیئر: