آرڈننس فیکٹری واہ کینٹ میں حادثاتی دھماکہ، تین ہلاک: آئی ایس پی آر
جمعرات 12 اگست 2021 17:02
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ میں ہونے والے ایک حادثاتی دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’آرڈننس فیکٹریز کے ایک پلانٹ میں ہونے والا دھماکہ حادثاتی تھا جو پلانٹ میں فنی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’حادثے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرکے متاثرہ جگہ کو کلیئر کردیا گیا ہے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’صورت حال پی او ایف کی ٹیکنیکل ایمرجنسی ٹیم کے قابو میں ہے۔‘
اس سے قبل جمعرات کی شام کو راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی تھی۔ واضح رہے کہ واہ کینٹ میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز موجود ہیں جہاں مختلف اقسام کا اسلحہ تیار کیا جاتا ہے۔
تھانہ واہ کینٹ کے ایس ایچ او عدیل خان نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’علاقے میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے اور ہم دھماکے کی جگہ کا تعین کر رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔‘
ایس ایچ او کے مطابق ’دھماکے کی نوعیت کا ابھی تک پتا نہیں چل سکا۔ تاہم سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں فضا میں دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔