Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں ایندھن سے بھرے ٹرک میں دھماکہ، 20 افراد ہلاک

عالمی امدادی ادارے ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ لبنان کے شمالی شہر اکار میں ایندھن سے بھرے ٹرک کے پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دھماکے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔
اتوار کو ریڈ کراس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ہماری ٹیموں نے 20 لاشوں اور ٹینکر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے سات سے زائد افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز میں دھماکے کے مقام پر آگ بھڑکتی دیکھی جا سکتی ہے۔ اے ایف پی اس فوٹیج کی تصدیق نہیں کر سکا ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق لبنان کو اس وقت 1850 کی دہائی کے بعد کے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے اور ملک میں کئی مہینوں سے ایندھن کی قلت ہے۔
سنیچر کو لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے ہزاروں لیٹر گیسولین اور ڈیزل کو ضبط کر لیا ہے جو تقسیم کاروں کی جانب سے ملک بھر کے پمپس میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔ 
ایندھن کی قلت کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں صرف دن میں دو گھنٹے ہی بجلی دستیاب ہوتی ہے جبکہ کئی ہسپتالوں نے خبردار کیا ہے کہ بجلی کے بحران کی وجہ سے انہیں اپنی سروسز بند کرنا پڑیں گی۔
یاد رہے کہ تیل (ایندھن) کے درآمد کنندگان نے پہلے ہی تیل کی قلت سے خبردار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ تیل کی خرید وفروخت  کے لیے زرمبادلہ کی پرانی شرح کو بحال رکھا جائے۔
لبنان میں مسلسل بلیک آؤٹ کی وجہ سے جمعے کے دن بھی تیل کی سپلائی متاثر تھی اور وہ پیٹرول پمپس جن کے پاس ابھی تک سپلائی کی سہولت موجود ہے، وہاں لوگوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔

شیئر: