Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سب کے لیے عام معافی، سرکاری اہلکار کام پر واپس آ جائیں: طالبان

افغانستان میں طالبان نے تمام سرکاری اہلکاروں کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے ان سے کام پر واپس آنے کے لیے کہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقتدار پر کنٹرول حاصل کرنے کے دو دن بعد طالبان نے ایک بیان میں سرکاری اہلکاروں کو معمول کی زندگی کی جانب لوٹ آنے کا کہا ہے۔
طالبان کی جانب سے جاری کیے گئے میں کہا گیا ہے کہ ’ہر ایک کے لیے عام معافی کا اعلان کیا جاتا ہے۔ اس لیے آپ کو اعتماد کے ساتھ اپنی معمول کی زندگی شروع کر دینی چاہیے۔‘ 
اے ایف پی کے مطابق طالبان کے کابل میں زندگی کو معمول پر لانے کے لیے اعلان کے بعد شہریوں کا محتاط ردعمل سامنے آیا ہے اور منگل کی صبح قلیل تعداد میں خواتین شہر کی گلیوں میں دیکھی گئیں۔
کابل میں کچھ دکانیں کھل گئی ہیں اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں۔
طالبان عہدیداروں کی منگل کو روس کے سفیر سے پہلی باضابطہ ملاقات بھی طے ہے۔
طالبان کی قیادت میں شامل ایک عہدیدار نے افغان نیوز چینل پر خاتون اینکر کو انٹرویو بھی دیا ہے۔
طالبان کے بیان کے مطابق ’وہ تمام افراد جو کسی بھی سرکاری شعبے سے منسلک ہیں اپنی ڈیوٹی مکمل اعتماد اور بلاخوف دوبارہ شروع کریں۔‘

شیئر: