Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں جلد امن و استحکام کی بحالی کے خواہشمند ہیں: سعودی کابینہ

سعودی عرب افغانستان کے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے  برادر افغان عوام کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں جلد از جلد امن و استحکام کی بحالی کے خواہشمند ہیں۔
کابینہ نے کہا  کہ’ مملکت، برادر ملک افغانستان کے حالات  پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے‘۔
سعودی کابینہ نے اس موقف کا اظہار منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے ورچول اجلاس کے دوران کیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی  کے مطابق ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے اجلاس کے آغاز میں امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے نام اپنے مکتوب اور الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون سے ٹیلیفونک رابطے میں ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔  
شاہ سلمان نے بتایا کہ الجزائر کو ملک کے متعدد علاقوں میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے سلسلے میں سعودی عرب کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرین کے مسائل حل کرنے کے  لیے ہنگامی بنیادوں پر الجزائر کو امدادی سامان فراہم کیا جائے۔
سعودی کابینہ میں خطے اور دنیا بھر کے  حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئی ہیں۔
کابینہ نے یمنی بھائیوں اور یمن کی آئینی حکومت کی مدد سے متعلق پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’سعودی عرب ماضی کی طرح حال و مستقبل میں بھی یمن کی مدد کرتا رہے گا‘۔
اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ ’علاقائی اور بین الاقوامی سطحوں پر یمنی بحران کا جامع سیاسی حل کرانے کے لیے کوشاں تھا، ہے اور رہے گا‘۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے ایس پی اے کو بتایا کہ سعودی کابینہ نے دنیا کے مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کی درخواستوں کی وصولی شروع کرنے پر زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور تیاریوں کے بارے میں جامع رپورٹ کا جائزہ لیا۔
اس حوالے  سے کابینہ کو بتایا گیا  کہ ماہانہ  20 لاکھ  تک عمرہ زائرین آئیں گے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جامع نظام کے تحت مکمل اور معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 
سعودی کابینہ نےعلاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کورونا وبا کی تازہ صورتحال اور مملکت میں کورونا کے گھٹتے ہوئے کیسز کا بھی جائزہ لیا۔
اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو 32 ملین سے زیادہ کورونا ویکسین کی خوراکیں اب تک دی جاچکی ہیں‘۔
کورونا کے نازک کیسز بھی کم ہوگئے ہیں جبکہ حفظان صحت اور کورونا ایس او پیز کی پابندی بھی مسلسل کرائی جارہی ہے۔
کابینہ نے اجلاس میں متعدد فیصلے کیے۔ وزیر خارجہ کو روس کے ساتھ سیاسی مشاورت کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر بات چیت اور دستخط کا اختیار تفویض کیا گیا۔
 برطانیہ کے ساتھ ایکریڈیشن ڈیوائس  سینٹر کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بات چیت اور منظوری کا اختیار بھی دیا گیا۔ 
کابینہ نے ماریشس کے ساتھ مچھلیوں کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ 
وزیر صنعت و معدنیات کو برطانیہ کے ساتھ برآمدات، کریڈٹ کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی کو برطانیہ کے ساتھ محکمہ شماریات کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار تفویض کیا ہے۔

شیئر: