Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے خلاف سیریز، افغان کرکٹ ٹیم کی کابل میں پریکٹس

یہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ پہلی سیریز ہے۔(فوٹو: فیس بک)
افغانستان کے قومی کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچز سے قبل کابل سٹیڈیم میں ٹریننگ اور پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ پہلی سیریز ہے۔
اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں افغانستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف ون ڈے میچز کی سیریز کی تیاری کررہی ہے اور جلد ہی سری لنکا روانہ ہوجائے گی۔
اس سے قبل منگل کے روز افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ حامد شنواری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’طالبان کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کررہے ہیں‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔
پچھلے ہفتے اردو نیوز کے نامہ نگار وسیم عباسی کو دوحہ میں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بتایا تھا کہ طالبان ہی افغانستان میں کرکٹ کو لے کر آئے تھے اور اب بھی ان کے ملک میں کرکٹ جاری رہے گی۔
’کرکٹ جاری رہے گی اور جو بھی ہم سے ہو سکا ہم کرکٹ میں مزید بہتری لائیں گے۔ جس وقت ہم برسراقتدار تھے تو کرکٹ کو ہم نے ہی متعارف کروایا تھا۔‘
‘مجھے یاد ہے جب میں اسلام آباد تھا تو میں اور ضعیف صاحب ٹیسٹ میچ دیکھنے گئے تھے۔ کرکٹ جاری رہے گی۔ میچ دیکھنے کا وہ ایک اچھا تجربہ تھا۔ ہم خوش تھے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے وہاں میچ کھیلا، وہ ایک شاندار میچ تھا۔ اگرچہ ہم اس میں کامیاب نہیں ہوئے تھے، لیکن انہوں نے کوشش کی۔ انہوں نے محنت کی اور اور دونوں ٹیموں میں بہت کم فرق تھا۔‘
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں سری لنکا میں کھیلی جائے گی تاہم حتمی تاریخوں کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا ہے۔

شیئر: