Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’بغیر ویکسین یافتگان تعلیم کیسے حاصل کریں گے‘: وزیر تعلیم کا جواب

طلبہ میں 71 ملین سے زیادہ کتابیں تقسیم ہوں گی- (فوٹو وزارت اطلاعات)
وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال کی آمد پر سکول باقاعدہ کھلیں گے- طلبہ و طالبات، استانیاں اور اساتذہ باقاعدہ سکولوں میں حاضر ہوں گے- سکول میں آنے کی بنیادی شرط کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں ہیں- بغیر ویکسین یافتگان کو سکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی-
اخبار 24 کے مطابق وزیر تعلیم نے جمعرات کو سپیشل  پریس کانفرنس میں ایک اہم سوال کا جواب دے دیا- ان سے پوچھا گیا تھا کہ ’جنہیں ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے سکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی وہ طلبہ و طالبات تعلیم کس طرح حاصل کریں گے‘؟
وزیر تعلیم نے بتایا کہ ’اساتذہ ایسے  طلبہ و طالبات کو مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن تعلیم دیں گے- مدرستی پلیٹ فارم پر تعلیم کے مختلف آپشن ہوں گے جن سے طلبہ و طالبات فائدہ اٹھاسکیں گے‘-
وزیر تعلیم نے توجہ دلائی کہ ’پرائمری سکول میں مدرستی پلیٹ فارم کے  ذریعے آن لائن تعلیم کی شروعات سہ پہر ساڑھے تین بجے سے ہوگی- کلاسیں شام سات بجے تک چلیں گی‘-
وزیر تعلیم نے بتایا کہ ’جو طلبہ کورونا ویکسین کی خوراک لے چکے ہیں ان کا تناسب  93 فیصد تک کا ہے- دو خوراکیں لینے والوں کا تناسب 37 فیصد ہے- یونیورسٹی میں زیر تعلیم وہ طلبہ جنہوں نے ایک خوراک لی ہے ان کا تناسب  85 فیصد ہے اور دو خوراکیں لینے والوں کا تناسب  59 فیصد ہے- توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا ویکسین یافتگان کی تعداد میں اضافہ ہوگا‘-
وزیر تعلیم نے کہا کہ ’ہماری وزارت نے سکولوں کی عمارتیں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور استانیوں کی حاضری کے حوالے سے پوری طرح سے تیار کرلی ہیں- سکولوں میں کورونا ایس او پیز کے حوالے سے درکار تمام انتظامات ہوچکے ہیں- ان پر ایک ارب ریال سے زیادہ خرچ ہوئے ہیں- گزشتہ دو برس کے دوران 671 کرایے کی عمارتوں سے چھٹکارا حاصل کرلیا گیا جبکہ 232 سکول ایسے ہیں جن میں ایک لاکھ 19 ہزار طلبہ وطالبات تعلیم حاصل کرسکیں گے- 12 لاکھ طلبہ و طالبات کو  21 ہزار سکول لانے لے جانے کے لیے  30 ہزار بسوں اور گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے‘-
وزیر تعلیم نے کہا کہ ’نئے تعلیمی سال کی آمد پر طلبہ میں 71 ملین سے زیادہ کتابیں تقسیم ہوں گی جس کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے‘-
وزیر تعلیم نے بتایا کہ ’موسم گرما کی تعطیلات کے دوران 3 لاکھ 31 ہزار سے زیادہ اساتذہ و استانیوں کو تعلیمی عمل میں معاون استعداد بڑھانے کے لیے تربیتی کورس کرایا گیا‘-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: