Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں ایندھن پر جھڑپوں کے بعد سکیورٹی میں اضافہ

الزہرانی تھرمل پلانٹ کی پیداوار میں تقریبا 150 میگاواٹ کی کمی کی وجہ سے بعلبک اور پڑوسی شہر اندھیرے میں ڈوب گئے۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
گیس سٹیشنوں میں ایندھن کے تنازعات پر پرتشدد جھڑپوں کے بعد، جہاں لاٹھی، چاقو اور دیگر ہتھیار استعمال کیے گئے، کئی لبنانی علاقوں میں حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو الزہرانی تھرمل پلانٹ کی پیداوار میں تقریبا 150 میگاواٹ کی کمی کی وجہ سے بعلبک اور پڑوسی شہر اندھیرے میں ڈوب گئے۔
یہ صورتحال ملک میں ڈیزل کی قلت کے بعد نجی جنریٹر مالکان کی طرف سے ذخیرہ اندوزی کے بعد پیدا ہوئی۔ چھوٹے مقامی جنریٹرز کے لیے سبسکرپشن کی قیمتیں اب 70 لاکھ لبنانی پاؤنڈ (46 سو ڈالر) سے زیادہ ہیں۔
اس صورتحال کے حوالے سے جہاد سلیم الحسینی جو ایک ڈینٹسٹ ہیں ان کا کہنا ہے کہ ’ میرا کام بہت خراب ہو گیا ہے۔ میں نے ایک پرائیویٹ جنریٹر خریدا اور بیروت میں اس عمارت کی چھت پر رکھ دیا جس میں میرا کلینک ہے، جنریٹر کے مالک کے ساتھ جس کے ساتھ میرا ماہانہ طے تھا اس نے مجھ سے ہر ماہ 70 لاکھ لبنانی پاؤنڈ ادا کرنے کو کہا۔‘
’اس نے مجھے دن کے وقت بجلی فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ڈیزل کی کمی کی وجہ سے صرف رات کو اپنا جنریٹر چلانے کا فیصلہ کیا۔‘
جہاد سلیم الحسینی کا مزید کہنا تھا ’بحران ہر چیز کو متاثر کر رہا ہے۔ بجلی کا نقصان بحرانوں میں سے ایک ہے۔‘
بجلی کے بحران نے حجام کی دکانوں سمیت کئی کاروباروں کو متاثر کیا ہے۔ بجلی کی بندش کی وجہ سے جو ایئر کنڈیشنر کے استعمال سے محروم ہیں، حجام کی دکانوں کے سامنے کرسیوں پر بیٹھے گاہکوں کے مناظر عام ہو گئے ہیں۔ بہت سے حجام اپنی صبح کی شفٹوں کو شام میں منتقل کر چکے ہیں۔
ہیئر سٹائلسٹ محمد عیسیٰ کا کہنا ہے ’بجلی کی بندش کی وجہ سے مجھے بلو ڈرائی کی قیمت پانچ ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار لبنانی پاؤنڈ کرنی پڑی۔ صورتحال بہت مشکل ہے۔‘
بڑھتے ہوئے تناؤ کے کی وجہ سے لبنان کے سیکورٹی استحکام اور شہریوں میں بقائے باہمی کو خطرہ لاحق ہونا شروع ہو گیا ہے۔ دو جنوبی قصبوں کے مکینوں کے درمیان ایندھن کے تنازع کے نتیجے میں تشدد بھڑک اٹھا، جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔
سنیچر کو عکار میں ایک گیس اسٹیشن کے سامنے بھی کشیدگی کا آغاز ہو گیا جس کی وجہ سے گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ طرابلس میں ایک گیس اسٹیشن کے سامنے لڑائی بھی ہوئی۔ عباسیہ شاہراہ پر لڑائی کے دوران تین افراد زخمی ہوئے۔
لبنانی فوج کے ایک بیان کے مطابق ’دو شہری جو وسطی بیکا کے قصبے تالبایا اور بار الیاس میں گیس سٹیشنوں کے سامنے پریشانی کا باعث بن رہے تھے، ان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں ضبط کی گئی ہیں۔‘

شیئر: