Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیلم منیر نے نومولود بیٹے کی پہلی جھلک شیئر کر دی، نام ’محمد حمدان‘ رکھ لیا

پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے اپنے بیٹے کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے اس کا نام محمد حمدان بتا دیا ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے اپنے بیٹے کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے اس کا نام محمد حمدان ظاہر کر دیا ہے۔
اداکارہ نے نومولود کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی نعمت اور قبول ہونے والی دعا قرار دیا ہے۔
نیلم منیر نے پیر کو فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی، جس میں وہ ہسپتال کے بستر پر بیٹے کو گود میں لیے بیٹھی ہیں۔
اداکارہ نے تصویر میں بچے کے چہرے پر سرخ دل کا ایموجی لگایا ہوا ہے۔
تصویر کے ساتھ نیلم منیر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ لمحہ جب میں کسی کی پوری دنیا بن گئی۔ الحمدللہ! میرا ننھا شہزادہ محمد حمدان، میری وہ دعا جو قبول ہوئی، میری زندگی کی سب سے بڑی نعمت۔‘
اداکارہ کی اس پوسٹ پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک باد اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
اداکارہ منال خان، اریج محی الدین اور اُشنا شاہ سمیت شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی نیلم منیر کو ماں بننے پر مبارک باد دی اور نومولود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نیلم منیر عموماً اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھتی ہیں، تاہم بیٹے کی پیدائش کے بعد ان کی جانب سے شیئر کی گئی اس تصویر کو مداحوں کے لیے ایک خاص موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ نیلم منیر نے دسمبر 2024 میں دبئی میں محمد راشد سے شادی کی تھی۔
شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد اداکارہ کے مداحوں نے ان کی نئی زندگی کے آغاز پر بھی خوشی کا اظہار کیا تھا۔

شیئر: