Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن نے پاکستان اور امارات سمیت 10 ممالک پر سفری پابندیاں ختم کر دیں

عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ملکوں نے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فلپائن کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عائد کی گئی سفری پابندیوں میں نرمی کی ہے اور 10 ملکوں کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سنیچر کو فلپائن کے صدر روڈریگو ڈیویٹرٹے نے پاکستان اور امارات سمیت 10 ملکوں سے مسافروں کے ملک میں آنے پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کیا۔
صدارتی ترجمان ہیری روک نے ایک بیان میں کہا کہ ’رواں سال اپریل میں کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے عائد کی گئی پابندیوں کو پیر سے اٹھا لیا جائے گا۔‘
فلپائن نے جولائی کے مہینے میں مزید کئی ملکوں کو اپنی ریڈ لسٹ میں شامل کیا تھا جہاں سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
فلپائن کے صدارتی ترجمان کے مطابق پابندی اٹھائے جانے کے بعد پاکستان، متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، عمان، تھائی لینڈ، انڈیا اور ملائشیا سے آنے والے مسافروں کو 14 دن قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ملکوں نے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
پاکستان اس وقت سفری پابندیوں کی برطانوی ریڈ لسٹ میں شامل ہے اور فہرست سے نام نکلوانے کے لیے حکام برطانیہ کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

شیئر: