Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکشے کمار کی والدہ چل بسیں، ’میں ان کے بغیر کچھ نہیں ہوں‘

منگل کو اکشے کمار نے بتایا تھا کہ یہ ان کے خاندان کے لیے ایک مشکل گھڑی ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کے ’ایکشن کنگ‘ اکشے کمار کے والدہ ارونا بھاٹیا بدھ کی صبح انتقال کر گئیں جس کی خبر اکشے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دی۔
بدھ کو اکشے کمار نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہ میرے لیے لازمی تھیں اور آج میں ناقابل برداشت درد محسوس کر رہا ہوں۔ میری ماں ارونا بھاٹیا آج صبح اس دنیا کو پُرسکون طریقے سے چھوڑ کر چلی گئی ہیں اور دوسرے جہان میں میرے والد سے مل گئی ہیں۔ میں آپ کی دعاؤں کا احترام کرتا ہوں۔ اوم شانتی۔‘
منگل کو اکشے کمار نے بتایا تھا کہ یہ ان کے خاندان کے لیے ایک مشکل گھڑی ہے اور انہوں نے اپنے مداحوں سے اپنی والدہ کے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے ایک مشکل وقت ہے۔ آپ کی ہر ایک دعا مددگار ہو سکتی ہے۔‘
اکشے برطانیہ میں اپنی آنے والی فلم ’سنڈریلا‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے جب پیر کو اپنی والدہ کی بیماری کی اطلاع کے بعد انہیں ممبئی واپس آنا پڑا۔ وہ کچھ دنوں سے بیمار تھیں اور ہرانندانی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

2015 میں اکشے کمار نے ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں اپنی والدہ کے ساتھ تعلق کے بارے میں بتایا تھا کہ ’ایک ماں اور بیٹے کے درمیان تعلق بہت مضبوط بھی ہوتا ہے اور نازک بھی۔ ہمارے درمیان کچھ نہیں آ سکتا، میلوں کے فاصلے بھی ہمیں ہر روز ہمیں یہ جاننے سے نہیں روک سکتے کہ میں ان کے بغیر کچھ نہیں ہوں۔‘
اکشے حال ہی میں تھرلر فلم ’بیل باٹم‘ میں نظر آئے ہیں جو کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد تھیٹر میں ریلیز ہونے والی پہلی بالی وڈ فلم تھی۔

شیئر: