Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موڈرنا کا فلو اور کورونا کے خلاف ایک خوراک پر مشتمل ویکسین تیار کرنے کا اعلان

موڈرنا کے مطابق نئی ویکسین فلو اور کورونا کے خلاف مؤثر ہوگی۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی دواساز کمپنی موڈرنا نے ایسی ویکسین تیار کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی ایک خوراک کورونا وائرس اور فلو کے خلاف کارآمد ہوگی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق موڈرنا نے جمعرات کو کہا کہ ویکسین کی ایک ہی خوراک لگوانی پڑے گی جو بوسٹر خوراک کے طور پر بھی مؤثر ہوگی۔
موڈرنا کے سربراہ سٹیفن بانسل نے کہا ہے کہ کمپنی کی اولین ترجیح ہے کہ سانس کی بیماریوں کے لیے سالانہ بنیادوں پر بوسٹر ویکسین مارکیٹ میں لائی جائے جو حالات کے مطابق اپ گریڈ کی جائے۔
موڈرنا کمپنی نے چھ ماہ سے 12 سال سے کم عمر کے بچوں میں ویکسین کے ٹیسٹ ٹرائل کے درمیانی مراحل کے نتائج بھی شیئر کیے تھے، جن کا امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن جائزہ لے رہی ہے۔
بچوں میں ٹرائل کے حوالے سے کمپنی نے کہا تھا کہ ٹیسٹ ٹرائل کے دوران پچاس مائیکرو گرام پر مشتمل ویکسین کی ایک خوراک بچوں کو لگائی جائے گی۔
ٹیسٹ ٹرائلز چار ہزار بچوں پر مشتمل گروپ پر کیے جا رہے ہیں جس میں چھ سال سے لے کر بارہ سال سے کم عمر کے بچے شامل ہیں۔
کمپنی نے مزید کہا تھا کہ مختلف عمروں کے گروپس کے لیے ویکسین کی مناسب مقدار کی خوارک سے متعلق تحقیق ابھی جاری ہے۔ دو سے چھ سال جبکہ چھ ماہ سے دو سال کے بچوں کے لیے ویکسین کی مناسب مقدار سے متعلق ٹرائلز کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ سال دسمبر میں امریکہ نے 18 سال اور زیادہ عمر کے افراد کے لیے موڈرنا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی تھی۔

موڈرنا ویکسین کی ایک خوراک بوسٹر شاٹ کے طور پر مؤثر ہوگی۔ فوٹو اے ایف پی

رواں سال کے شروع میں فائزر کمپنی کی ویکسین کو 12 سے 15 سال کے عمر کے بچوں کے لیے قابل استعمال قرار دیا گیا تھا۔
جبکہ امریکی دواساز کمپنی نوواویکس نے بدھ کو کہا تھا کہ کورونا اور فلو کی مشترکہ ویکسین کے ٹیسٹ پہلے مرحلے میں ہیں۔
دوسری جانب یورپی میڈیسن ایجنسی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ’مو‘ نامی قسم تشویش کا باعث ہو سکتی ہے۔ تاہم فی الحال ایسا کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ مو ویرینٹ ڈیلٹا سے زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق مو ویرینٹ کی سب سے پہلے شناخت جنوری میں لاطینی امریکی ملک کولمبیا میں ہوئی تھی جبکہ رواں ماہ کے شروع میں عالمی ادارہ صحت نے اس کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
یورپی میڈیسن ایجنسی کے ویکسین سٹراٹیجی چیف مارکو کیوالیری نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کورونا کی باقی اقسام کا بھی جائزہ لے رہے ہیں جو ممکنہ طور پر پھیل رہی ہیں، جیسے لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں پھیلنے والا لمبڈا ویرینٹ اور حالیہ مو ویرینٹ۔
انہوں نے کہا کہ مو ویرینٹ کے حوالے سے زیادہ تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ یہ مدافعتی نظام کو نظر انداز کر سکتا ہے۔
ویکسین سٹراٹیجی چیف مارکو کیوالیری نے واضح کیا کہ فی الحال اس حوالے سے ڈیٹا موجود نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہو کہ مو ویرینٹ زیادہ پھیل رہا ہے۔

شیئر: