Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاحسا کا تاریخی بازار ’سوق القیصریہ‘ جہاں کاریگر خریداروں کے سامنے اشیا تیار کرتے ہیں

بازار الاحسا کمشنری کے الھفوف شہر میں واقع ہے- (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی الاحسا کمشنری میں متعدد ایسے مقامات ہیں جو سیاحوں کے لیے بڑی دلچسپی کا باعث ہیں۔ کمشنری میں تاریخی بازار، سبزہ زار اور قدرتی مناظر سے یہاں آنے والے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کمشنری میں جہاں بڑی تعداد میں مختلف مارکیٹیں اور عوامی مقامات ہیں وہاں قدیم اور تاریخی بازار بھی آج بھی قائم ہیں ـ 
ان ہی روایتی قدیم بازاروں میں ایک ’سوق القیصریہ‘ بھی ہے جس کا شمار کمشنری کے سب سے قدیم بازاروں میں کیا جاتا ہےـ یہ بازار الاحسا کمشنری کے الھفوف شہر میں واقع ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ 1822 میں قائم ہوا تھا اور آج بھی اسی جگہ یہ بازار عہد رفتہ کی یادوں کے ساتھ موجود ہے۔
اگرچہ دورحاضر میں اس کی ترمیم بھی کی گئی تاہم ترمیم میں قدیم طرز تعمیر کو خصوصی طورپر مدنظر رکھا گیا ہے جس میں دکانوں کے منقش چوبی دروازے اور بازار کی گلیوں میں عہد قدیم کی طرز پرلٹکتی لالٹینیں شامل ہیں۔ 
لالٹینوں میں اب مٹی کا تیل نہیں بلکہ بلب لگے ہیں تاہم انہیں دیکھ کر عہد رفتہ کی یاد تازہ ہوجاتی ہےـ بازار میں آنے والوں کے لیے مختلف کونوں میں بیٹھنے کی خصوصی جگہیں بھی بنائی گئی ہیں۔ 
’سوق القیصریہ‘ میں روایتی اور علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے دستکاری کی اشیا اور فروخت کی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں دکانداروں نے علاقائی دستکاری کو رواج دینے کےلیے اس امر کا بھی خصوصی بندوبست کیا ہے کہ وہاں ماہرین فن دکانوں میں موجود ہوتے ہیں جو ان کے سامنے اشیا تیار کرتے ہیں جن میں جوتے، مشلح ( عربی رومال ) عقال اور پیتل سے تیار کی جانے والی چیزیں شامل ہیں۔
اس قدیم بازار میں آنے والے جب ان گلیوں سے گزرتے ہیں تو انہیں وہاں دکانوں میں فروخت کیے جانے والے ’قہوے‘ اور روایتی مصالوں کی مہک ازخود اپنی جانب متوجہ کرلیتی ہےـ 
وزٹ سعودی ڈاٹ کام کے مطابق الاحسا کمشنری سعودی عرب کے سیاحتی مقامات میں گیارویں نمبر ہے جہاں ان دنوں سمر فیسٹول جاری ہے جو ستمبر کے اختتام تک جاری رہے گاـ
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

 

شیئر: