Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیز پروسیسر اور بہتر کیمرا، آئی فون 13 اور آئی پیڈ لانچ

ایپل نے آئی فون کی نئی سیریز متعارف کراتے ہوئے قیمتیں بڑھانے کا خدشہ غلط ثابت کیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے پہلے سے تیز پروسیسر اور بہتر کیمرے کے ساتھ آئی فون کی نئی سیریز اور آئی پیڈ متعارف کرا دیے ہیں۔
آئی فون 13 کے نئے ماڈلز متعارف کراتے ہوئے جہاں ایپل نے قیمتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ غلط ثابت کیا ہے وہیں اپنے سمارٹ فونز میں مہیا کی جانے والی فائیو جی ٹیکنالوجی کا دائرہ کار بھی بڑھایا ہے۔
آئی فون کی نئی سیریز میں سکس کور سی پی یو میں دو ہائی پرفارمنس کورز ہیں جب کہ چار ہائی ایفیشنسی کورز رکھی گئی ہیں۔
ایپل کے متعارف کردہ آئی فون 13 سیریز کے چاروں ماڈلز 24 ستمبر سے مارکیٹ میں خریداری کے لیے دستیاب ہوں گے۔
آئی فون 13 منی کی قیمت 699 ڈالر، آئی فون 13 کی قیمت 799 ڈالر، آئی فون 13 پرو 999 اور آئی فون پرو میکس کی کم سے کم قیمت 1099 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
آئی پیڈ میں نئے کیمرے اور فائیو جی کنیکٹیویٹی کا اضافہ کرتے ہوئے کمپنی نے سمارٹ واچ کا ڈسپلے پہلے سے بڑا کیا اور ٹائپنگ کے لیے آن سکرین کی بورڈ بھی شامل کیا ہے۔

ایپل واچ سیریز 7 میں نیا کیا؟

ایپل واچ میں ہر وقت آن رہنے والا نیا ریٹینا ڈسپلے تیار کیا گیا ہے جس میں سکرین ایریا پہلے سے بڑا اور کناروں کو پہلے سے باریک کر دیا گیا ہے۔ ان تبدیلیوں کے بعد نئی سیریز کی ایپل واچ اپنے سابقہ ورژنز کے مقابلے میں بڑے ڈسپلے سے مزین ہوئی ہے۔
ایپل واچ سیریز سیون 40 ملی میٹر اور 45 ملی میٹر کے سائزز میں دستیاب ہو گی۔ اس کا ریٹینا ڈسپلے انڈور رہتے ہوئے ایپل واچ سیریز سکس کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ روشن رہتا ہے۔ اس تبدیلی کی وجہ سے کلائی اٹھا کر گھڑی دیکھنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
ایپل واچ سیریز سیون 399 ڈالر، ایپل واچ ایس ای 279 ڈالر اور ایپل واچ سیریز تھری 199 ڈالر کی قیمت میں دستیاب ہو گی۔

ایپل واچ کا ڈسپلے پہلے سے بڑا کیا گیا ہے (فوٹو: ایپل)

ایپل کی جانب سے نئی ڈیوائسز متعارف کرانے کی تقریب سوشل میڈیا پر زیربحث موضوعات میں بھی نمایاں رہی۔
ٹوئٹر کی ٹرینڈز لسٹ میں پہنچنے کے بعد اس میں گفتگو کرنے والے صارفین کہیں قیمت اور نئے فیچرز پر بات کرتے رہے تو کئی ایسے تھے جو فورا یہ ڈیوائسز حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے پائے گئے۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے نئے ماڈلز متعارف کرانے کی تقریب میں آئی پیڈ اور ایپل واچ کے نئے ورژن بھی متعارف کرائے ہیں۔

شیئر: