Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ پاکستان منسوخ کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم دبئی روانہ ہو گئی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
18 برس بعد دورہ پاکستان پر پہنچنے کے بعد پہلے ون ڈے میچ کے ٹاس کے وقت دورہ ختم کرنے کا اعلان کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے دبئی روانہ ہو گئی ہے جہاں سے وہ اپنے وطن پہنچے گی۔
سنیچر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کو لینے کے لیے خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں ایک ہفتے قیام کے دوران پریکٹس سیشنز میں شرکت کی تاہم راولپنڈی کے سٹیڈیم میں طے شدہ پہلا ون ڈے میچ شروع ہونے سے قبل ہی واپس چلی گئی۔
حکام کے مطابق دورہ منسوخ کرنے کے بعد کیوی ٹیم کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سفر کے انتطامات کیے گئے۔ اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل سے لے کر ایئرپورٹ تک سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
جگہ جگہ پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے جبکہ ٹیم کو باکس سکیورٹی میں ایئرپورٹ روانہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں موٹروے کو بھی اسلام آباد ٹول پلازہ کے مقام سے بند کیا گیا جس کے باعث موٹروے پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ’نیوزی لینڈ کی جانب سے سکیورٹی گراؤنڈ کو دورہ پاکستان کا جواز بنانا بے بنیاد ہے۔ امریکی قیادت میں نیٹو فورسز، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور کابل میں سفارتخانوں کے عملے نے انخلا کے لیے پاکستان کو ترجیح دی، اسلام آباد نے انہیں ہوٹلوں میں ٹھہرایا۔ کھیل کو پاکستان مخالف عالمی پروپیگنڈے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔‘
نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 سال بعد پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچی تھی۔ اس دوران ٹیم نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن بھی حصہ لیا۔
 جمعے کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے قبل نیوزی لینڈ نے سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پی سی بی کو آگاہ کر دیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچ 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول تھے۔ ان میچوں کے لیے 25 فیصد شائقین کرکٹ کو بھی سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی گئی تھی۔
ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز 25، 26، 29 ستمبر، یکم اور 3 اکتوبر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونا تھے۔
خیال رہے کہ کیوی ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان نے 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔

شیئر: