Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں موجود امریکی شہری طالبان کے خوف سے ’چُھپ‘ رہے ہیں

افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد ہزاروں امریکی شہری پروازیں نہ ہونے کی وجہ سے پھنس گئے ہیں۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں امریکی شہری اور گرین کارڈ رکھنے والے افراد طالبان کے خوف سے چُھپ رہے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے گرین کارڈ ہولڈر ایک جوڑے نے اپنے تین بچوں سمیت دو ہفتوں میں سات مرتبہ اپنا ٹھکانہ تبدیل کیا ہے۔
کابل میں رہائش پذیر اس خاندان کا انحصار ان کے رشتہ داروں پر ہے۔ یہ خاندان اس انتظار میں ہے کہ کوئی کابل سے نکلنے میں ان کی مدد کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے کئی دن پہلے ان سے رابطہ کیا تھا اور کہا تھا کہ معاملے کے لیے نمائندے کا تقرر کیا گیا ہے لیکن تب سے انہوں نے کچھ نہیں سنا۔
وہ ایک بین الاقوامی امدادی تنظیم سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔
تین بچوں کی ماں نے اے پی کو ایک ٹیکسٹ پیغام میں کہا کہ ’ہم خوفزدہ ہیں اور خود کو زیادہ سے زیادہ چُھپاتے رکھتے ہیں۔‘
اے پی نے جن افراد سے رابطہ کیا ہے، ان کی حفاظت کے پیش نظر شناخت ظاہر نہیں کی جا رہی، انہوں نے ہفتوں تک گھروں میں چُھپنے کا خوفناک منظر بیان کیا ہے۔
یہ لوگ گھروں میں بجلی کو بند رکھتے ہیں۔ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے ہیں اور پہچانے جانے سے بچنے کے لیے کُھلے ڈھلے کپڑے اور برقع کا استعمال کرتے ہیں۔
ان سب کا کہنا ہے کہ وہ اس سے خوفزدہ ہیں کہ طالبان ان کو ڈھونڈ لیں گے، ان کو جیل میں ڈال لیں گے اور شاید انہیں قتل کر دیں کیونکہ وہ  امریکی ہیں یا امریکہ کے لیے کام کر چکے ہیں۔

امریکہ نے زیادہ سے زیادہ اتحادیوں کو 31 اگست تک نکالنے کی کوشش کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کو تشویش ہے کہ ان کو نکالنے سے متعلق بائیڈن انتظامیہ کی کوششیں بھی رک گئی ہیں۔
ٹیکساس کے ایک ٹرک ڈرائیور جو کابل میں اپنے والدین کے ساتھ موجود ہیں، ان کو چند ہفتے قبل ایک فون کال موصول ہوئی جس کے بارے میں ان کو امید تھی کہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ہوگی تاہم وہ طالبان کی کال تھی۔
ٹرک ڈرائیور کے بھائی نے اے پی کو بتایا کہ ’فون کرنے والے نے ان کے بھائی کو بتایا کہ ہم آپ نقصان نہیں پہنچائیں گے، آئیں اور مل لیں، کچھ نہیں ہوگا۔‘ کال کے آخر میں ان کو کہا گیا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ آپ کہاں ہیں۔‘
گذشتہ ہفتے سیکریٹری خارجہ اینٹونی بلنکن نے کانگرس کو بتایا تھا کہ حکومت افغانستان میں امریکی مستقل رہائشی یا گرین کارڈ رکھنے والے شہریوں کا پتا نہ چلا سکی تاہم انہوں نے کہا کہ سو امریکی شہریوں سمیت کئی ہزار افراد اب بھی افغانستان میں ہیں۔

سینکڑوں افغان خاندانوں کومختلف ممالک کے عارضی کیمپوں کو رکھا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے وعدہ کیا کہ امریکی حکومت ان کو نکالنے کے لیے کام رہی ہے۔  
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی انخلا کے بعد، منگل تک 36 امریکی شہریوں اور 24 گرین کارڈ رکھنے والوں کو نکالا جا چکا ہے۔
جمعے کو بھی مزید امریکی شہریوں کو نکالا گیا تاہم امریکی انتظامیہ نے تعداد کے بارے میں نہیں بتایا۔

شیئر: