Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں بیرون ملک جانے والوں کو ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 6.8 فیصد ہے۔ فوٹو اے ایف پی
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ بیرون ملک جانے والوں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
بیرون ملک جانے والے افراد ایک ہزار 270 روپے ادا کر کے ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔
کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز منتخب ویکسین سینٹرز میں لگائی جائے گی اور اس کے لیے فیس نیشنل بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جا سکے گی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا ویکسین کی پانچ کروڑ سے زائد خوراکیں لگ چکی ہیں۔
این سی او سی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی پانچ کروڑ خوراکیں لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
ٹویٹ میں شہریوں سے ویکسین لگوانے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ جن شہریوں نے پہلی خوراک لگوا لی ہے انہیں 28 دن مکمل ہونے پر کسی بھی ویکسین سینٹر سے دوسری خوراک لینے کا کہا گیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 61 ہزار 306 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 191 مثبت آئے جبکہ اس دوران 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ روز مجموعی طور پر کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6.83 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

شیئر: