Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان پروفیشنلز کو تعلیمی اداروں کا سربراہ مقرر کریں، افغان اساتذہ یونین

افغان یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے طالبان کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی سربراہی کے لیے پیشہ ور افراد کا انتخاب کریں۔
افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق یونیورسٹی اساتذہ کی یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیشہ ور سربراہ کے بغیر تعلیمی اداروں میں بحران کی سی صورتحال واقع ہو سکتی ہے۔
طالبان کی جانب سے محمد اشرف غیرت کو کابل یونیورسٹی کا چانسلر تعینات کیا گیا ہے جن کے پاس صرف بی اے کی ڈگری ہے۔
اساتذہ یونین کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں اور اکیڈیمک اداروں میں ماہرین اور تجربہ کار افراد تعینات کیے جاتے ہیں 
یونیورسٹی پروفیسر سید باقر محسنی کا کہنا تھا کہ سائنسی بورڈ کے اراکین اور اساتذہ کا انتخاب داخلی طور پر ہونا چاہیے ورنہ یونیورسٹیوں میں مسائل پیدا ہونا شروع ہو جائیں گے۔
یونیورسٹی پروفیسر عبیداللہ وردک نے کہا کہ ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے کہ ملک میں سرکاری یونیورسٹیاں بند ہیں، جب کہ طالب علم ان کو کھولنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیاں کسی سیاسی نظام کی بنیاد پر نہیں بنائی جاتیں، اس لیے تعلیم یافتہ اور پیشہ ور افراد کو تعینات کیا جائے۔
افغان وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ سرکاری یونیورسٹیاں اسلامی ضوابط کے تحت جلد کھولی جائیں گی۔

شیئر: